07/October/2026

حوثیوں کا عدن ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ، یمن میں کئی محاذوں پر لڑائی تیز

👁️ 99 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
حوثیوں کا عدن ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ، یمن میں کئی محاذوں پر لڑائی تیز

حوثیوں کا عدن ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ، یمن میں کئی محاذوں پر لڑائی تیز

صنعاء(ڈیلی اردو) یمن میں جاری کشیدگی کے دوران حوثی باغیوں نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عدن کے سکیورٹی حکام کے مطابق دونوں میزائل ہوائی اڈے کو ہدف بنا کر داغے گئے تھے۔

رائٹرز کے مطابق عدن پر میزائل حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت یافتہ فورسز نے حوثیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر نئی فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ حکومت کا مقصد بحیرہ احمر کے ساحل اور باب المندب آبنائے کے اطراف حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو دوبارہ حاصل کرنا ہے۔

تازہ کارروائیوں کا ایک اہم محاذ تعز کا مغربی علاقہ ہے، جہاں یمنی حکومتی فورسز نے الوازعیہ ضلع کو حوثیوں سے واپس لینے کے لیے بڑی فوجی کارروائی شروع کی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق یہ علاقہ اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس پر کنٹرول حاصل ہونے سے بحیرہ احمر کی اہم بندرگاہ المخا کی جانب پیش قدمی کا راستہ کھل سکتا ہے۔ حوثیوں نے حکومتی فورسز کی پیش قدمی کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ حکومتی ذرائع نے بعض اہم پہاڑی مقامات پر قبضے کی اطلاع دی ہے۔

اس سے قبل سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز نے باب المندب کے قریب ذباب اور بعض اہم فوجی مقامات پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا۔ عالمی ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت حوثیوں کے خلاف شروع کیے گئے بڑے فوجی آپریشن کا حصہ ہے، جس کا اعلان یمنی صدارتی کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے کیا تھا۔

دوسری جانب حوثی ذرائع نے یمن کے صوبہ اب میں مذیخرہ اور تعز کے شرعب سمیت مختلف علاقوں پر حملوں کی اطلاعات دی ہیں۔ یمنی ذرائع کے مطابق تعز کے جنوب میں المواسط کے علاقے میں حکومتی فورسز کے ایک بریگیڈ کے کمانڈر اور سیکڑوں اہلکاروں کو رسد کے راستے منقطع ہونے کے بعد محاصرے کی صورتحال کا بھی سامنا ہے۔

سعودی عرب نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی شہر خمیس مشیط کی جانب داغا گیا حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیا۔ رائٹرز کے مطابق سعودی حمایت یافتہ کارروائیوں کے دوران حوثیوں کی جانب سے سعودی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے یمن کی لڑائی ایک مرتبہ پھر سرحد پار علاقائی تنازع کی شکل اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

یمن میں تازہ فوجی کشیدگی کا ایک اہم پہلو باب المندب آبنائے پر کنٹرول کی جنگ ہے، جو بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحیرہ عرب سے ملانے والا عالمی تجارت کا اہم بحری راستہ ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں لڑائی بڑھنے سے نہ صرف یمن کی سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی ہے بلکہ خطے میں تیل اور تجارتی جہازرانی کے حوالے سے بھی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C