خیبر پختونخوا: متعدد دھماکوں میں 2 فوجیوں سمیت 8 افراد ہلاک
👁️ 66 بار دیکھا گیا
خیبر پختونخوا: متعدد دھماکوں میں 2 فوجیوں سمیت 8 افراد ہلاک
اسلام آباد (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/نیوز ایجنسیاں) پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا کے شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور باجوڑ میں ہوئے دھماکوں کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فوج کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختوانخوا کے تین اضلاع شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور باجوڑ میں بدھ کے روز یکے بعد دیگرے ہونے والے بم دھماکوں میں دو سیکورٹی اہلکار اور چھ عام شہری ہلاک ہو گئے۔ ان واقعات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پاکستانی فوج کی میڈیا ونگ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق کرک کے رہائشی 33 سالہ لانس نائیک احسان بادشاہ اور کرم سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ لانس نائیک ساجد حسین شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں ہونے والے ایک دیسی ساختہ بم دھماکے میں ہلاک ہوئے۔
جنوبی وزیرستان میں ہونے والے ایک اور بم دھماکے میں ایک قبائلی رہنما اور ان کے بیٹے سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔ بدھ کے روز ہی باجوڑ میں دو دھماکے ہوئے، جس میں سے ایک میں تین افراد ہلاک اور دوسرے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ان دھماکوں کے بعد آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی عسکریت پسند کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا، “پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”
جنوبی وزیرستان میں غنڈی کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں جو افراد ہلاک ہوئے ان کی شناخت قبائلی رہنما اسلم نور اور ان کے آٹھ سالہ بیٹے ہلال خان اور ایک دیگر شخص صواب خان کے نام سے کی گئی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ’بم ایک دکان کی چھت پر رکھا گیا تھا اور اسلم نور جیسے ہی دکان پر پہنچے، وہ پھٹ گیا‘۔
نور کو سن 2021 میں غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف لڑنے پر مدد کرنے میں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
باجوڑ میں جو افراد ہلاک ہوئے ان کی شناخت جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالسلام حقانی کے بیٹے عبدالستار کے طور کی گئی ہے، جبکہ وہاں پر موجود دو عام شہری بھی مارے گئے۔
اطلاعات کے مطابق تحصیل مومند میں عبدالستار ایک جنازے میں شرکت کے بعد گھر واپس جارہے تھے، تبھی راستے میں بم دھماکہ ہوا۔ مقامی لوگوں اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس میں نیاز امین، ابراہیم اور حاجی مندرو بھی زخمی ہوئے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں حالیہ برسوں میں تشدد کی لہر میں ایک نئی شدت دیکھی گئی ہے، خاص طور پر سرحدی علاقوں میں، جہاں مقامی شہری امن کی بحالی کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔
ان سرحدی علاقوں میں طالبان کے دوبارہ منظم ہونے سے حکومت اور مقامی عوام میں دونوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ حالیہ مہینوں میں عسکریت پسندوں نے متعدد بار سکیورٹی فورسز پر منظم حملے کیے ہیں، جس میں اب تک درجنوں سکیورٹی فورسز ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سرحدی علاقوں میں ممنوعہ گروپ تحریک طالبان پاکستان کے جنگجوؤں نے کئی بار سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے اور ایسے حملوں میں کمی کے بجائے وقت کے ساتھ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ گروپ حملوں کے بعد سرحد پار کرکے افغانستان میں پناہ لیتے ہیں۔ اس کا یہ بھی الزام ہے افغان طالبان نے انہیں روکنے جیسے اقدام کرنے کے بجائے انہیں ایک طرح سے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
چند روز قبل ہی افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی سفارتی نمائندے آصف درانی نے کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) در اصل کابل کے طالبان حکمرانوں کے زیر اثر ہے اور اسلام آباد کے لیے یہ بات ناپسندیدہ ہونے کے ساتھ ہی کافی پریشان کن بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا، ”ہمارے لیے اس حقیقت کا ادراک ناقابل فہم ہے کہ ٹی ٹی پی کے لوگ، جو افغانستان میں رہتے ہیں، ان کے (افغان طالبان) کے کنٹرول میں ہیں۔ انہیں پاکستان کی سرحد عبور کرنے، تخریب کاری کی سرگرمیاں کرنے، قتل عام کرنے اور پھر واپس جانے کی بھی اجازت ہے۔”
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
آبنائے ہرمز میں دو تیل بردار جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے ، امریکہ نے بحیرۂ عمان میں ایرانی بندرگاہ سے آنے والا کارگو جہاز ناکارہ بنا دیا
08/November/2026 👁️ 135 بار دیکھا گیا
یمن: صنعا کے قریب سعودی فضائی حملوں میں 33 افراد ہلاک، 39 زخمی ہونے کا دعویٰ
08/November/2026 👁️ 86 بار دیکھا گیا
بنوں میں مبینہ ڈرون حملہ، تین پولیس اہلکار زخمی
08/November/2026 👁️ 81 بار دیکھا گیا
یمن کے صوبہ صعدہ میں سعودی فضائی حملے، ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کو 9 مرتبہ نشانہ بنانے کا دعویٰ
07/November/2026 👁️ 93 بار دیکھا گیا
آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی، ایرانی بحریہ کا دعویٰ
07/November/2026 👁️ 113 بار دیکھا گیا
عراقچی کے 12 علاقائی وزرائے خارجہ سے رابطے، خطے کی سلامتی بیرونی طاقتوں کے بجائے علاقائی ممالک کے ہاتھ میں دینے پر زور
07/November/2026 👁️ 107 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26454 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15682 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11984 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9353 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7601 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5602 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C