فرانس، یوکرین کو 100 رافال جنگی طیارے، فضائی دفاعی نظام اور ڈرونز ٹیکنالوجی فراہم کریگا
👁️ 354 بار دیکھا گیا
فرانس، یوکرین کو 100 رافال جنگی طیارے، فضائی دفاعی نظام اور ڈرونز ٹیکنالوجی فراہم کریگا
پیرس (ڈیلی اردو/اے پی/روئٹرز) یوکرین اور فرانس کے مابین ایک بڑا دفاعی ’ارادہ نامہ‘ طے پا گیا ہے، جس کے تحت اگلے دس برسوں میں یوکرین کو 100 جدید رافال لڑاکا طیارے، آٹھ فضائی دفاعی نظام، ڈرون شکن ٹیکنالوجی اور گائیڈڈ میزائل فراہم کیے جائیں گے۔
سترہ نومبر بروز پیر فرانس کے صدارتی محل میں یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس ارادہ نامے (لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط کیے۔ زیلنسکی نے اسے ایک ''تاریخی معاہدہ‘‘ قرار دیا۔
اس موقع پر صدر زیلنسکی نے کہا، ''سب سے پہلے یوکرین کو 100 رافال لڑاکا طیارے، انتہائی طاقتور فرانسیسی ریڈار اور آٹھ SAMP/T فضائی دفاعی نظام ملیں گے، جن میں سے ہر ایک میں چھ لانچر ہوں گے۔ یہ اسٹریٹیجک ارادہ نامہ (ابتدائی معاہدہ) اگلے دس سال تک نافذ العمل رہے گا۔‘‘
صدر ماکروں نے کہا کہ یہ ارادہ نامہ ایک ''اگلا مرحلہ‘‘ ہے اور اس میں مکمل ہتھیاروں سے لیس جدید ترین رافال طیارے، تربیتی پروگرام اور ممکنہ مشترکہ پیداوار بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاہدے میں ڈرون، ڈرون انٹرسیپٹر، گائیڈڈ میزائل اور جدید فضائی دفاعی نظام بھی شامل ہیں، جن کی پہلی کھیپ کی ترسیل اگلے تین برسوں میں شروع ہو جائے گی۔
فرانسیسی مسلح افواج کے سربراہ جنرل فابیاں ماندوں نے رواں ماہ ملکی سینیٹ کو بتایا تھا کہ یوکرین میں تعینات یورپی ساختہ SAMP/T فضائی دفاعی نظام امریکی پیٹریاٹ سے زیادہ مؤثر ہے اور جدید روسی میزائلوں کو کامیابی سے روک رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ''روس نے اپنے جدید ترین میزائلوں کی پرواز کے راستے بدل دیے ہیں کیونکہ انہیں پتہ چل گیا تھا کہ یوکرینی ڈیفنس انہیں روک رہا ہے۔ آج پیٹریاٹ کو دشواری ہو رہی ہے، مگر SAMP/T کامیابی سے اپنا کام کر رہا ہے۔‘‘
زیلنسکی کا پیرس کا نوواں دورہ
یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد سے یہ صدر زیلنسکی کا پیرس کا نوواں دورہ ہے۔ وہ یوکرین کے فضائی اور توانائی کے دفاع کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ملک ایک اور موسم سرما میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ روس توانائی کے یوکرینی ڈھانچے اور شہری اہداف پر مسلسل حملے کر رہا ہے۔
پیر کی صبح دونوں رہنماؤں نے پیرس کے نواح میں ایک ایئر بیس کا بھی دورہ کیا اور پھر وہ ''ملٹی نیشنل فورس‘‘ کے ہیڈکوارٹرز بھی گئے۔ یہ 30 سے زائد ممالک پر مشتمل فورس ہے، جو فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں تیار کی جا رہی ہے اور ممکنہ جنگ بندی کے فوراً بعد یوکرینی علاقوں میں تعینات ہو سکتی ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق یہ فورس فرنٹ لائن سے دور رہے گی لیکن روسی حملوں کو دوبارہ شروع ہونے سے روکے گی۔
دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اب تک جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کر دی ہیں، جبکہ روسی فوج میدان جنگ میں آہستہ آہستہ پیش قدمی کر رہی ہے۔
کل اتوار کو زیلنسکی نے ایکس پر لکھا تھا کہ وہ ''فرانس کے ساتھ اُس تاریخی معاہدے‘‘ کے منتظر ہیں، جو یوکرین کی جنگی ایوی ایشن اور فضائی دفاع کو مضبوط بنائے گا۔
فرانس جانے سے قبل انہوں نے یونان میں قیام کیا، جہاں امریکی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا۔ گزشتہ ماہ یوکرین نے سویڈن کے ساتھ بھی 150 گرائپن لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری کے ارادہ نامے پر دستخط کیے تھے۔
یوکرین کو پہلے ہی امریکی ایف 16 اور فرانسیسی میراج لڑاکا طیارے مل چکے ہیں، جبکہ فرانس یوکرین کو فضائی دفاعی نظام اور دیگر ہتھیاروں کا بڑا فراہم کنندہ ملک ہے۔
جنرل فابیاں ماندوں کے مطابق روس ہر ہفتے اوسطاً 17 سو ڈرون اور میزائل یوکرین کی طرف داغتا ہے اور اسی لیے کییف کو فوری اضافی فضائی دفاع کی ضرورت ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں سے پاکستان کے براہ راست متاثر ہونے کا خدشہ
18/July/2026 👁️ 167 بار دیکھا گیا
بنوں میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 24 دہشت گرد ہلاک
18/July/2026 👁️ 103 بار دیکھا گیا
ایران پر امریکی حملوں کا ساتواں روز، 38 افراد ہلاک، 400 سے زائد زخمی
18/July/2026 👁️ 113 بار دیکھا گیا
امریکی حملے بند ہونے تک جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی، ایرانی پاسدارانِ انقلاب
18/July/2026 👁️ 116 بار دیکھا گیا
بلوچستان: مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک، متعدد زخمی
17/July/2026 👁️ 338 بار دیکھا گیا
بنوں میں تین نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
17/July/2026 👁️ 166 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8951 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4791 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3564 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 2775 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2557 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2312 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C