13/August/2026

افغانستان : بدخشاں میں طالبان میئر دھماکے میں ہلاک، ہیلی کاپٹر حادثے میں 8 افراد ہلاک

👁️ 62 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
افغانستان : بدخشاں میں طالبان میئر دھماکے میں ہلاک، ہیلی کاپٹر حادثے میں 8 افراد ہلاک

افغانستان : بدخشاں میں طالبان میئر دھماکے میں ہلاک، ہیلی کاپٹر حادثے میں 8 افراد ہلاک

کابل(ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں طالبان کو ایک ہی روز دو مختلف واقعات میں نقصان اٹھانا پڑا۔ فیض آباد کے طالبان میئر عبدالرحمن منصور مقناطیسی بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے، جبکہ ضلع نسی میں طالبان کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں طالبان اہلکاروں سمیت 8 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب طالبان مخالف نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے فیض آباد میں میئر کی گاڑی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

 

فیض آباد میں طالبان میئر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا

 

مقامی ذرائع کے مطابق فیض آباد میں طالبان میئر عبدالرحمن منصور کی گاڑی کو مقناطیسی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں عبدالرحمن منصور ہلاک جبکہ ان کے ایک ساتھی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 

افغان میڈیا کے مطابق نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے میئر کی گاڑی کو صوبائی حکومت کی عمارت کے قریب نشانہ بنایا۔ طالبان کی جانب سے تاحال واقعے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

 

یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں فیض آباد میں طالبان کے کسی عہدیدار کو نشانہ بنانے کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 28 جولائی کو طالبان کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر ذبیح اللہ امیری کو مسلح افراد نے ہلاک کیا تھا، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

 

نسی میں طالبان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

 

دوسرے واقعے میں ضلع نسی کے علاقے رگِ کفشین میں طالبان کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر طالبان کے زخمی اہلکاروں کو منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

 

ذرائع کے مطابق طالبان نے زخمیوں اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی منتقلی کے لیے تین ہیلی کاپٹر علاقے میں بھیجے تھے، تاہم ان میں سے ایک حادثے کا شکار ہوگیا۔ بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو علاقے سے فائرنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ گر کر تباہ ہوا۔

 

اطلاعات کے مطابق حادثے میں ہیلی کاپٹر کے سات مسافروں کے علاوہ ایک بچہ بھی ہلاک ہوا جبکہ چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم ہلاکتوں اور حادثے کی وجوہات سے متعلق طالبان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیل سامنے نہیں آئی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C