11/August/2026

افغانستان: غور میں سابق کمانڈر قتل، میمنہ میں جھڑپ کے دوران طالبان اہلکار اور حملہ آور ہلاک

👁️ 132 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
افغانستان:  غور میں سابق کمانڈر قتل، میمنہ میں جھڑپ کے دوران طالبان اہلکار اور حملہ آور ہلاک

افغانستان: غور میں سابق کمانڈر قتل، میمنہ میں جھڑپ کے دوران طالبان اہلکار اور حملہ آور ہلاک

کابل(ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبہ غور میں سابق حکومت کے دور میں عوامی مزاحمتی فورس کے کمانڈر رہنے والے شہباز خان فیضی کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ منگل کی صبح ضلع دولینہ کے علاقے دھن لکہ سنگ کے گاؤں خُرہ سنگ میں پیش آیا، جہاں شہباز خان فیضی مسجد سے باہر نکل رہے تھے کہ مسلح افراد نے انہیں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز خان فیضی سابق صوبائی کونسل کے رکن مولوی محمد ہاشم فیضی کے بھائی تھے۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق غور سمیت افغانستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ، مسلح افراد کی جانب سے اغوا اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض مقامی افراد نے ان واقعات میں طالبان کے ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا ہے، تاہم طالبان کی جانب سے ایسے واقعات کے ذمہ داروں کو عموماً نامعلوم مسلح افراد قرار دیا جاتا ہے۔

 

اسی طرح صوبہ فاریاب کے دارالحکومت میمنہ میں مسلح شخص اور طالبان اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں ایک طالبان اہلکار اور حملہ آور ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک شہری سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔

 

طالبان حکام کے مطابق واقعہ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے اس وقت شروع ہوا جب اعظم نامی ایک شخص کی ایک شہری سے جھڑپ ہوئی اور اس نے اسے زخمی کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر طالبان اہلکار موقع پر پہنچے تو حملہ آور نے ان پر بھی فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا۔

 

طالبان کے مطابق حملہ آور کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی، جس کے دوران ایک طالبان اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

 

افغانستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران جرائم اور مقامی افراد و طالبان اہلکاروں کے درمیان مسلح جھڑپوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C