13/December/2025

افغان طالبان اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی کارروائیاں روکیں، پاکستانی وزیراعظم کا عالمی برادری سے مطالبہ

👁️ 216 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
افغان طالبان اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی کارروائیاں روکیں، پاکستانی وزیراعظم کا عالمی برادری سے مطالبہ

افغان طالبان اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی کارروائیاں روکیں، پاکستانی وزیراعظم کا عالمی برادری سے مطالبہ

اشک آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم رہنے کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ افغان طالبان رجیم پر زوردیا جائے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گرد کارروائیاں بند کروائے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

 

انھوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ ’دہشت گرد ی کا خطرہ افغان سرزمین سے سر اٹھا رہا ہے۔‘ان کے مطابق ’اس خطرے سے نمٹنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ افغان طالبان رجیم پر زور دے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں اور وعدے پورے کرے اور اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کو روکے۔‘

 

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان نے اپنے ملک میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے پیچھے افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے کا الزام عائد کیا ہوتاہم دوسری جانب افغانستان ہمیشہ پاکستان کے ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

 

یاد رہے کہ شہباز شریف ترکمانستان میں بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی30 سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر وہاں موجود ہیں۔

 

شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی، غربت اور عدم مساوات کو دنیا کے لیے بڑے چیلنجز قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی تک سب کے لیے منصفانہ اور بلا امتیاز رسائی ناگزیر ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال سلامتی کونسل میں غیرمستقل رکن کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

 

پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات بڑھانے پر زور

 

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اشک آباد میں کانفرنس کے موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

 

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم نے اس سال کے دوران پاکستان اور ترکی کی قیادت کے مابین مسلسل روابط پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سیاسی، توانائی، اقتصادی، دفاعی اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ترکی کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

 

اس حوالے سے انہوں نے پاک ترک جے ایم سی کے 16ویں اجلاس کے انعقاد پر بھی خوشی کا اظہار کیا جو ساتویں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔

 

وزیر اعظم نے توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں ترکی کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور حال ہی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر بروقت عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

 

شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات میں علامی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کے دوران زور دیا ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی اور پاکستان کے سنگین سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے افغانستان حکومت بامعنی کارروائی کرے۔

 

اشک آباد میں تقریب کے دوران ہونے والی دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران رواں سال بیرونی جارحیت کے سامنا کرنے کے وقت ایک دوسرے کو فراہم کی جانے والی مضبوط حمایت کو سراہا۔

 

وزیر اعظم نے دو طرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے، سرحدی منڈیوں کو فعال کرنے، سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے اور اسلام آباد-بلوچستان ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقین کے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری امن کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

ایرانی صدرپیزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

 

انھوں نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے جو ان کی مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے ہوئے ہیں۔

 

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

وزیراعظم نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خمینی کے لیے تہہ دل سے تہنیتی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C