23/September/2026

بلوچستان میں سکیورٹی آپریشنز، 19 دہشتگرد ہلاک، نائب صوبیدار بھی ہلاک

👁️ 48 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان میں سکیورٹی آپریشنز، 19 دہشتگرد ہلاک، نائب صوبیدار بھی ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی آپریشنز، 19 دہشتگرد ہلاک، نائب صوبیدار بھی ہلاک

کوئٹہ(ڈیلی اردو) شورش زدہ صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں اور کلیئرنس آپریشنز کے دوران 19 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 39 سالہ نائب صوبیدار محمد جمیل بھی ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 21 ستمبر سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تلاش کرکے انہیں کلیئر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شعبان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں اب تک 13 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 22 اور 23 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں بھی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر الگ الگ آپریشن کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار محمد جمیل بھی ہلاک ہوئے۔ 39 سالہ نائب صوبیدار کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف سے بتایا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ شعبان اور دیگر علاقوں میں کلیئرنس کارروائیاں دہشتگردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز علاقے میں موجود خطرات سے نمٹنے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری اور ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت ملک میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C