16/November/2026

بھارت: راجستھان میں ریلوے پٹری دھماکے کے الزام میں دو افراد گرفتار، پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز سے رابطوں کا دعویٰ

👁️ 34 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بھارت: راجستھان میں ریلوے پٹری دھماکے کے الزام میں دو افراد گرفتار، پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز سے رابطوں کا دعویٰ

بھارت: راجستھان میں ریلوے پٹری دھماکے کے الزام میں دو افراد گرفتار، پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز سے رابطوں کا دعویٰ

جے پور (ڈیلی اردو) بھارت کی ریاست راجستھان میں ریلوے پٹری پر دھماکے کے مقدمے میں پولیس نے پنجاب کے ضلع گرداسپور سے ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر پاکستان میں موجود ہینڈلرز سے رابطے میں تھے اور انہیں ریلوے لائن کو دھماکے سے نقصان پہنچانے کا کام سونپا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 21 سالہ مہک دیپ کور اور دیویندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع گرداسپور سے بتایا گیا ہے۔ دونوں کو 14 نومبر کو راجستھان پولیس کے انسدادِ دہشتگردی اسکواڈ اور سری گنگا نگر پولیس نے پنجاب پولیس کے تعاون سے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔

واقعہ 3 نومبر کی رات تقریباً 9 بج کر 45 منٹ پر راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر کے علاقے رام سنگھ پور کے قریب پیش آیا تھا، جہاں انوپ گڑھ سے سورت گڑھ جانے والی ریلوے لائن پر دھماکے سے پٹری کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کے دو سلیپر ٹوٹ گئے اور جائے وقوعہ پر تقریباً ڈھائی فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے تقریباً 75 منٹ قبل ایک مسافر ٹرین اسی مقام سے گزری تھی، جس کے باعث کسی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

بھارتی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران گرفتار خاتون کے پاکستان میں موجود دو مبینہ ہینڈلرز سے رابطوں کا سراغ ملا، جنہیں 'شاہ' اور 'چاچا' کے ناموں سے شناخت کیا گیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ خاتون کو مبینہ طور پر رومانوی گفتگو اور مالی ترغیب کے ذریعے اپنے ساتھ ملایا گیا، جبکہ دیویندر سنگھ نے دھماکے کی کارروائی میں اس کی معاونت کی۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق ملزمان نے ریلوے لائن کو نشانہ بنانے کے لیے اس مقام کا تین مرتبہ دورہ کیا۔ پہلی کوشش 6 اکتوبر کو کی گئی، تاہم دھماکہ خیز مواد دستیاب نہ ہونے کے باعث منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ دوسری مرتبہ 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی مدت میں ٹائمر سے منسلک دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا، لیکن تکنیکی خرابی کے باعث وہ پھٹ نہ سکا۔ پولیس کے مطابق تیسری کوشش 3 نومبر کو کامیاب ہوئی اور دھماکے سے ریلوے لائن کو نقصان پہنچا۔

راجستھان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیر ملکی ساختہ پستول، 46 زندہ کارتوس اور 30 ہزار بھارتی روپے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام نے مزید تین مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، جن پر ملزمان کو رہائش، موٹرسائیکل اور جائے وقوعہ تک پہنچانے کے لیے سواری فراہم کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے مرکزی تحقیقاتی اداروں سے ملنے والی معلومات، موبائل فون ریکارڈ، تکنیکی شواہد اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ حکام اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دھماکہ خیز مواد بھارت میں کیسے پہنچایا گیا، اسے ملزمان تک کس نے پہنچایا اور اس کارروائی میں مزید کون لوگ ملوث ہوسکتے ہیں۔


 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C