27/September/2025

بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کیلئے تیار ہیں، شہباز شریف کا اقوام متحدہ میں خطاب

👁️ 467 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کیلئے تیار ہیں، شہباز شریف کا اقوام متحدہ میں خطاب

بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کیلئے تیار ہیں، شہباز شریف کا اقوام متحدہ میں خطاب

نیو یارک (ڈیلی اردو/بی بی سی/نیوز ایجنسیاں) وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ’پاکستان نے اپنی مشرقی سرحد پر دشمن کی جاہریت کا جواب دیا اور پاکستان نے انڈیا کو پہلگام حملے کی غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔‘

 

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان اپنے بانی قائدِاعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ہر مسئلے کا حل بات چیت اور مذاکرات کی مدد سے کرنا چاہتا ہے۔‘

 

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نے پہلگام واقعے کو سیاسی طور پر استعمال کیا اور پاکستان پر حملہ کیا۔ پاکستان بیرونی جارہیت کا بھرپور دفاع کرے گا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم انڈیا سے جنگ جیت چکے ہیں، اب ہم امن کے خواہاں ہیں اور پاکستان، تمام حل طلب مسائل پر انڈیا کے ساتھ جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے۔‘

 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی خارجہ پالیسی باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہے۔ ہم تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں۔‘

 

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر امریکی صدر ٹرمپ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی میں مداخلت نہ کرتے تو جنگ کے نتائج تباہ کُن ہو سکتے تھے۔‘

 

شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ رکوانے پر ٹرمپ امن کے نوبیل انعام کے مستحق ہیں۔‘

 

فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ’غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔‘

 

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’تقریباً 80 سالوں سے فلسطینی عوام اسرائیلی ظلم و جبر کا سامنا کررہے ہیں، مغربی کنارے میں فلسطینی اسرائیلی آباد کاروں کی جارحیت کا سامنا کررہے ہیں جبکہ غزہ میں بھی فلسطینی عورتیں اور بچے اسرائیلی فوج کی درندگی کا نشانہ بن رہے ہیں۔‘

 

وزیر اعظم نے کہا کہ ’غزہ میں فوری اور اسی وقت جنگ بندی ہونی چاہیے، پاکستان آزاد اور خودمختار فسلطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو 1967 کی سرحدوں پر قائم ہو۔‘

 

پاکستان ہمیشہ سے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اُن کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان آج یہاں اقوامِ متحدہ میں خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے۔‘

 

اس سے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔

 

پاکستان کے وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں اس ملاقات کو خوشگوار قرار دیا گیا جبکہ پاکستان انڈیا جنگ روکنے اور قیام امن کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اُنھیں ’مین آف پیس‘ کہا گیا۔

 

سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ وہ مشرقِ وسطی کشیدگی اور خاص کر فلسطین میں جنگ بند کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں خطے کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون پر بات بھی کی گئی۔

 

وزیراعظم پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے امریکیوں کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، معدنیات اور توانائی شعبے میں سرکایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

 

جمعرات کو صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نیویارک سے واشنگٹن پہنچے۔ اوول آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔

 

رواں ہفتے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر سے یہ دوسری ملاقات ہے۔

 

اس سے قبل غزہ کے معاملے پر منتخب اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بھی اُن کی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی۔

 

یاد رہے کہ رواں سال جون میں امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ظہرانہ پر مدعو کیا تھا لیکن اُس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اُن کے ساتھ نہیں تھے۔

 

ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ ’دو عظیم رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں ہی بہترین شخصیات ہیں۔‘

 

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے پہنچنے میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے ، وہ خوبصورت اوول آفس پہنچ چکے ہیں، ابھی کچھ دیر میں ان سے ملاقات ہوگی۔‘

 

پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C