26/November/2026

جرمنی : یہودی اور اسرائیلی اہداف پر حملوں کی مبینہ سازش ناکام، دو عراقی شہری گرفتار

👁️ 54 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جرمنی : یہودی اور اسرائیلی اہداف پر حملوں کی مبینہ سازش ناکام، دو عراقی شہری گرفتار

جرمنی : یہودی اور اسرائیلی اہداف پر حملوں کی مبینہ سازش ناکام، دو عراقی شہری گرفتار

جرمنی (ڈیلی اردو) جرمن حکام نے یہودی اور اسرائیلی تنصیبات سمیت دیگر اہداف پر حملوں کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں دو عراقی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار افراد پر ایک مبینہ ایران نواز دہشتگرد تنظیم سے وابستگی، حملوں کے لیے مالی وسائل جمع کرنے اور کارروائیوں کی غرض سے افراد بھرتی کرنے کا الزام ہے۔

جرمنی کے وفاقی دفترِ استغاثہ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مصطفیٰ اے آر اور عامر جے کے ناموں سے کی گئی ہے۔ مصطفیٰ کو ہائیڈلبرگ جبکہ عامر کو کولون شہر سے حراست میں لیا گیا۔ دونوں کی گرفتاریوں کے ساتھ ہی تین مختلف ریاستوں بیڈن ورٹمبرگ، ہیسے اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں 17 مقامات پر تلاشی کی کارروائیاں بھی شروع کی گئیں۔

استغاثہ کے مطابق مصطفیٰ اے آر کے روابط محمد السعدی نامی شخص سے تھے، جسے امریکہ میں دہشتگردی سے متعلق الزامات کا سامنا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ السعدی اور مصطفیٰ نے 2025 کے اختتام پر جرمنی اور یورپ کے دیگر ممالک میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے ایک الگ تنظیم قائم کی تھی، جس میں عامر جے بھی شامل ہوگیا تھا۔

تحقیقات کے مطابق اس مبینہ تنظیم نے دھماکہ خیز حملوں کے لیے مالی وسائل اکٹھے کیے اور بیرونی افراد کو کارروائیوں کے لیے بھرتی کرنے کی کوشش کی۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ مارچ 2026 کے آخری دنوں میں مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد لے کر نامعلوم افراد دو مسلسل راتوں کو کولون کی ایک یہودی عبادت گاہ اور یورپ کے ایک دوسرے شہر میں واقع عبادت گاہ کے قریب پہنچے تھے، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر حملے نہیں کیے جاسکے۔

جرمن حکام کے مطابق اس معاملے میں زیرِ تفتیش گروہ کا تعلق ’حرکت اصحاب الیمین الاسلامیہ‘ نامی ایران نواز تنظیم سے بتایا جاتا ہے، جسے رواں سال مارچ سے یورپ میں امریکی، اسرائیلی اور یہودی تنصیبات پر ہونے والے متعدد حملوں سے منسلک کیا گیا ہے۔ تاہم گرفتار دونوں افراد کے خلاف الزامات ابھی تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے مراحل میں ہیں۔

جرمنی کے وفاقی دفترِ استغاثہ کے مطابق کارروائی خفیہ ادارے سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں وفاقی اور علاقائی پولیس کے 250 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ دونوں گرفتار ملزمان کو تفتیشی جج کے سامنے پیش کیا گیا ہے، جو ان کے جسمانی ریمانڈ یا قبل از مقدمہ حراست کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C