11/August/2025

جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشتگردی کی لہر، بم دھماکوں، حملوں اور دھمکی آمیز پمفلٹس سے خوف و ہراس

👁️ 374 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشتگردی کی لہر، بم دھماکوں، حملوں اور دھمکی آمیز پمفلٹس سے خوف و ہراس

جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشتگردی کی لہر، بم دھماکوں، حملوں اور دھمکی آمیز پمفلٹس سے خوف و ہراس

پشاور (ڈیلی اردو)  خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں حالیہ دنوں کے دوران دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں بم دھماکوں، مسلح حملوں اور دھمکی آمیز پمفلٹس کے اجراء نے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

ضلع لکی مروت کے علاقے عبدالخیل میں پولیس اور پاک فوج کی بی ڈی ایس ٹیم نے ایک دیسی ساختہ آئی ای ڈی بم کو بروقت ناکارہ بنا کر علاقے کو بڑے سانحے سے بچا لیا، تاہم اسی مقام کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا، جس میں دو فوجی جوان اور ایک راہ گیر معمولی زخمی ہوگئے۔

ادھر جنوبی وزیرستان لوئر میں دہشت گردوں نے تخریب کاری کے سلسلے میں ایک سرکاری ہائی سکول کو بارودی دھماکے سے تباہ کر دیا، جب کہ اعظم زالئی روڈ پر ایک چھوٹے پل کو بھی ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تین دن کے اندر پلوں پر حملے کا چوتھا واقعہ ہے۔

علاقے میں خوف کی فضا اس وقت مزید گہری ہوگئی جب وانا میں کالعدم تنظیم "فدایان اسلام" کی جانب سے والدین کو تین دن کے اندر مخصوص سکولوں سے بچوں کو نکالنے کی دھمکی آمیز پمفلٹس تقسیم کیے گئے، جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کے نجی و سرکاری ادارے شامل ہیں۔ پمفلٹ میں دھمکی دی گئی تھی کہ حکم نہ ماننے والوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اسی دوران جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں ایف سی پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کیا، تاہم سیکورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے ان تمام واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سرچ آپریشن تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں و سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید سخت کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C