27/July/2025

خیبر: وادی تیراہ میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے 5 مظاہرین ہلاک، 17 زخمی

👁️ 625 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
خیبر: وادی تیراہ میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے 5 مظاہرین ہلاک، 17 زخمی

خیبر: وادی تیراہ میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے 5 مظاہرین ہلاک، 17 زخمی

واشنگٹن (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے قبائلی خیبر ضلع کے علاقے وادی تیراہ میں باغ کے مقام پر احتجاج کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک جبکہ 17 سے زائد زخمی ہو گئے۔ واقعہ زخہ خیل کے علاقے دربار میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک بچی کی ہلاکت کے بعد پیش آیا، جس پر مقامی افراد نے اتوار کی صبح تیراہ بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاج شروع کیا۔

 

احتجاج ابتدائی طور پر پُرامن تھا تاہم بعد ازاں مظاہرین بریگیڈ کے احاطے میں داخل ہو گئے، جس کے بعد پاکستانی فورسز نے ہوائی اور براہ راست فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ کئی افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

 

سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں حیانت شاہ ولد نصیب گل، شکور ولد یوسف، ضیاء الرحمن ولد سخی مرجان، اجمل ولد بہادر خان، سعید ولد حبیب خان، شامل ہے جبکہ زخمیوں میں اجمل ولد بہادر خان، شیر زمان ولد اشرف، خان زیب ولد جان زیب، عبدالحلیم ولد فضل خان، ایوب خان ولد اول بت خان، سراج ولد معراج خان، قاسم ولد سید شاہ، سعید خان ولد خبیب خان، جرتاج ولد دولت، بیت اللہ ولد رحمت اللہ، عامر حسن ولد عامر خان، رحمان اللہ ولد ملک جان، محمد جاوید ولد یعقوب خان، محمد صادق ولد علی خان، نظر محمد ولد اجمیر خان، ابوبکر ولد عقل مین شامل ہے۔

 

مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران ایک عارضی بی ایچ یو اور بلڈوزر کو نذرِ آتش کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی ہے اور موبائل نیٹ ورک کی بندش کے باعث مکمل معلومات حاصل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

 

زخمیوں کو مشتی میلہ اورکزئی ہسپتال، ایف سی ٹیچنگ ہسپتال پشاور، ڈوگرہ ہسپتال باڑہ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا گیا ہے، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

 

جرگہ و مذاکرات

 

صورتحال کو سنبھالنے کے لیے بریگیڈ کمانڈر نے علاقائی مشران پر مشتمل جرگہ طلب کیا، جس میں واقعے پر معذرت، زخمیوں کے مفت علاج، ہلاک افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے، اور بند راستے کھولنے جیسے مطالبات تسلیم کیے گئے۔ تاہم علاقائی نوجوانوں نے جرگے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

 

سیاسی و عوامی ردعمل

 

رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی، باڑہ سیاسی اتحاد اور دیگر قبائلی و سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور فورسز کی فائرنگ کو طاقت کا ناجائز استعمال قرار دیا ہے۔ 

 

انہوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور گرفتار مظاہرین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی ضلع خیبر نے باب خیبر کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ردعمل

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر عوامی حلقوں، نوجوانوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ صارفین نے واقعے کو ریاستی زیادتی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف ،  چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C