02/August/2026

روس کا کییف پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملہ، 9 افراد ہلاک، 30 زخمی

👁️ 36 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
روس کا کییف پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملہ، 9 افراد ہلاک، 30 زخمی

روس کا کییف پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملہ، 9 افراد ہلاک، 30 زخمی

کییف (ڈیلی اردو) روس نے ہفتے کی شب یوکرین کے دارالحکومت کییف پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔ حملوں سے متعدد رہائشی اور غیر رہائشی عمارتیں تباہ یا متاثر ہوئیں، جبکہ مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

 

یہ حملے دو روز قبل روس کی جانب سے یوکرین بھر میں کیے گئے بڑے فضائی حملوں کے بعد سامنے آئے ہیں، جن میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ 

 

مبصرین کے مطابق روس یوکرین کے مغربی اتحادیوں کی جانب سے فراہم کیے گئے بیلسٹک میزائل شکن دفاعی نظام کی محدود دستیابی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ مسلسل حملوں نے جنگ کے سفارتی حل کی امیدوں کو مزید دھندلا دیا ہے۔

 

یوکرین کی ہنگامی امدادی سروس کے مطابق کییف کے سولومیانسکی ضلع میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت میزائل حملے کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ لگ گئی۔ امدادی کارکنوں نے بالائی منزلوں سے 35 افراد کو بحفاظت نکال لیا، تاہم حملے میں 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔

 

دارنیتسکی ضلع میں حملہ سب سے زیادہ مہلک ثابت ہوا، جہاں 7 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے۔ 

 

مقامی حکام کے مطابق حملے سے رہائشی مکانات، گاڑیاں، ایک انتظامی عمارت اور دیگر غیر رہائشی عمارتیں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں، جس سے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔

 

شیوچینکیفسکی ضلع میں بھی ایک غیر رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ حکام نے ابتدائی طور پر ایک رہائشی عمارت میں لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات دی تھیں، تاہم بعد میں اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

 

اس کے علاوہ کییف کے دو دیگر اضلاع میں بھی رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ لتھوانیا کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ روسی حملوں کے نتیجے میں کییف میں قائم لتھوانیا کا سفارت خانہ بھی متاثر ہوا۔

 

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کییف میں یوکرین کے فوجی صنعتی مراکز اور لاجسٹک تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم یوکرین کا کہنا ہے کہ حملوں میں رہائشی علاقوں اور شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

 

ادھر یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امریکہ اور دیگر مغربی اتحادیوں سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ روسی بیلسٹک میزائل حملوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو مزید پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام فراہم کیے جائیں۔

 

صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’بیلسٹک میزائلوں کو روکنے والا ہر اضافی دفاعی نظام ہمارے شہریوں کی جانیں بچاتا ہے، اور ہر وہ رات جب یہ نظام دستیاب نہ ہو، مزید جانی نقصان کا سبب بنتی ہے۔‘‘

 

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو ان کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے بھی گفتگو ہوئی، جس میں اسی ہفتے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیلنسکی نے اس ملاقات کو ’’مثبت اور تعمیری‘‘ قرار دیا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C