23/August/2026

شامی وزیر خارجہ کی موساد سربراہ سے ملاقات،اسرائیل کے سکیورٹی خدشات دور کرنے کی یقین دہانی

👁️ 80 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
شامی وزیر خارجہ کی موساد سربراہ سے ملاقات،اسرائیل کے سکیورٹی خدشات دور کرنے کی یقین دہانی

شامی وزیر خارجہ کی موساد سربراہ سے ملاقات،اسرائیل کے سکیورٹی خدشات دور کرنے کی یقین دہانی

دمشق/ تل ابیب (ڈیلی اردو) شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے سربراہ رومان جوفمان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ملاقات ہوئی ہے۔ امریکی اخبار ’’ایکسِیوس‘‘ کے مطابق یہ ملاقات شام کے ابو الظهور فضائی اڈے پر اسرائیلی حملے کے چند روز بعد ہوئی، تاہم ملاقات کی جگہ اور اس میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

 

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے منگل کے روز شمالی شام میں واقع ابو الظهور فضائی اڈے کو نشانہ بنایا تھا، جس کے دوران رن ویز اور طیاروں کے لیے مختص تنصیبات پر کم از کم آٹھ بم گرائے گئے۔ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

 

اسرائیل نے حملے کا جواز پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شام اس اڈے پر ترک فوجی موجودگی اور فوجی نظام کی تنصیب کی اجازت دینے والا تھا، جسے اسرائیل نے اپنے لیے خطرہ قرار دیا۔ تاہم شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں کسی مستقل ترک فوجی اڈے یا فوجیوں کی تعیناتی کا منصوبہ نہیں تھا، بلکہ فضائی اڈے کی بحالی کا کام جاری تھا تاکہ اسے شامی فضائیہ کے استعمال میں لایا جاسکے۔

 

الشیبانی نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ ترک فوجی افسران نے ابو الظهور اڈے کا دورہ کیا، تاہم ان کے مطابق یہ دورہ تربیتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کے سلسلے میں تھا۔

 

دوسری جانب اسعد الشیبانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ دمشق اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کے حوالے سے مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی توقع رکھتا ہے۔ ان کے مطابق شام کی ترجیح اسرائیلی حملوں کا خاتمہ اور دونوں جانب اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات ہیں۔

 

رپورٹس کے مطابق امریکا بھی گزشتہ ایک سال سے شام اور اسرائیل کے درمیان سکیورٹی معاہدے کی کوششیں کر رہا ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور شام میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث مذاکرات میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔

 

اس سے قبل بھی رواں ماہ 14 اگست کو الشیبانی اور موساد کے سربراہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس میں شام میں ترک فوجی موجودگی سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی تھی۔ تازہ ملاقات کو دونوں جانب کشیدگی کم کرنے اور رابطے بحال رکھنے کی ایک نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C