26/November/2026

شام: الحسکہ میں داعش کا خودکش حملہ، 2 سکیورٹی اہلکار ہلاک، 5 زخمی، چار حملہ آور بھی مارے گئے

👁️ 104 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
شام: الحسکہ میں داعش کا خودکش حملہ، 2 سکیورٹی اہلکار ہلاک، 5 زخمی، چار حملہ آور بھی مارے گئے

شام: الحسکہ میں داعش کا خودکش حملہ، 2 سکیورٹی اہلکار ہلاک، 5 زخمی، چار حملہ آور بھی مارے گئے

الحسکہ (ڈیلی اردو) شام کے شمال مشرقی شہر الحسکہ میں داعش کے دہشتگردوں کے خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں داخلی سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی کے دوران چاروں حملہ آور بھی مارے گئے۔

شامی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق الحسکہ کے علاقے مشیرفہ میں داخلی سکیورٹی فورسز کے ایک مرکز کے قریب بارود سے بھری موٹرسائیکل دھماکے سے اڑا دی گئی۔ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس سے سکیورٹی اہلکاروں میں جانی نقصان ہوا۔

الحسکہ میں داخلی سکیورٹی کے سربراہ مروان العلی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ حملے میں داعش کے چار دہشتگرد ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق دو حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے، جبکہ دیگر دو نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حملے میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ دوسری جانب کردستان ریجن کے نشریاتی ادارے روداو اور خبر رساں ادارے شفق نیوز نے بھی واقعے کی تفصیلات رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سکیورٹی آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔ شفق نیوز کے مطابق واقعے کے بعد مشیرفہ کے علاقے میں کرفیو بھی نافذ کیا گیا۔

یہ حملہ شام میں داعش کے خلاف سکیورٹی کارروائیوں کے باوجود تنظیم کے خفیہ نیٹ ورکس کی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ فروری 2026 میں داعش نے صدر احمد الشرع کی حکومت کے خلاف کارروائیوں کا نیا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کو متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی سیکریٹری جنرل کی جولائی 2026 کی رپورٹ کے مطابق داعش نے شام میں تقریباً 3 ہزار جنگجو برقرار رکھے ہوئے تھے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ تنظیم اب بھی خفیہ نیٹ ورکس اور اچانک حملوں کے ذریعے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ داعش نے 2014 میں شام اور عراق کے وسیع علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا، تاہم 2019 میں شام میں اپنے آخری زیر قبضہ علاقے سے بھی محروم ہوگئی۔ اس کے باوجود تنظیم کے باقی ماندہ جنگجو مختلف علاقوں میں خفیہ کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ شام کی نئی حکومت نے نومبر 2025 میں امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف عالمی اتحاد میں شمولیت اختیار کی تھی۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C