مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنا ایران کے مفاد میں نہیں؛ امریکہ کا انتباہ
👁️ 68 بار دیکھا گیا
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنا ایران کے مفاد میں نہیں؛ امریکہ کا انتباہ
واشنگٹن (اے پی/اےایف پی/رائٹرز) امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر سفارتی کوششوں کے سلسلے میں مختلف ملکوں کے ذریعہ ایران کو یہ پیغام دیا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ اس کے مفاد میں نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صدر جو بائیڈن نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کے ساتھ صورتِ حال کا جائزہ لیا اور اردن کے بادشاہ عبد اللہ دوئم سے خطے میں تناؤ پر بات چیت کی۔
ایران میں گزشتہ ہفتے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے کے ساتھ خطے میں وسیع تر جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس کی سزا دے گا۔
دوسری طرف اسرائیل نے کہا ہے کہ اگر ایران یا اس کے حامی گروہوں نے اس ہر حملہ کیا تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔
اسرائیلی حکام نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پیر کو ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کو ایک اہم لمحے کا سامنا ہے۔
وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن خطے میں تناؤ کم کرنے کی غرض سے فون پر خطے کے رہنماؤں سے بات چیت کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن تمام ممکنات کی تیاری کر رہا ہے۔
ایران حماس کی حمایت کرتا ہے جب کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف غزہ میں جنگ جاری ہے۔
ایران لبنان میں فعال عسکری گروہ حزب اللہ کی بھی حمایت کرتا ہے۔
حزب اللہ کے عسکری کمانڈر فواد شکر اسرائیلی حملے میں بیروت میں گزشتہ ہفتے اسی دن ہلاک ہوئے تھے جس دن تہران میں اسماعیل ہنیہ کا قتل ہوا تھا۔
سفارتی کوششوں کے سلسلے میں وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے پیر کو قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبد العاطی سے مشرقِ وسطیِ میں کشیدہ صورتِ حال پر بات چیت کی۔
ترجمان ملر نے بتایا کہ بات چیت کا ایک اہم نقطہ یہ تھا کہ امریکہ نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانا ایران کے مفاد میں نہیں۔
ان کے بقول اسرائیل پر ایران کا ایک اور حملہ تہران کے حق میں بلکل بھی نہیں ہے۔
ادھر ایران کی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ ایران خطے میں تناؤ کو بڑھاوا دینا نہیں چاہتا۔ لیکن یہ اس کا حق ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے کے حملے میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کو اس کی سزا دے۔
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اتوار کو کہا تھا کہ ایران اور اس کے حامی عسکری گروہ اسرائیل کو دہشت گردی کے شکنجے میں جھکڑنے اور گھیراؤ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کا ہر جگہ پر مقابلہ کریں گے جو کوئی بھی ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
صدر جو بائیڈن کی اردن کے بادشاہ عبد اللہ سے بات چیت کے بعد واشنگٹن میں اردن کے سفارت خانے نے کہا کہ اردن کے بادشاہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے تاکہ کسی وسیع جنگ سے بچا جا سکے۔
شاہ عبد اللہ نے کہا کہ غزہ میں تباہی کو روکنے کے لیے جنگ بندی اولین اقدام ہے جس پر پوری طرح عمل در آمد ہونا چاہیے تاکہ خطے کی سلامتی برقرار رہے اور مزید تنازعے اور جنگ سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ بات چیت میں صدر بائیڈن نے اردن کے لیے خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے ایک شراکت دار اور اتحادی کے طور پر غیر متزلزل امریکی حمایت کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ امریکہ، فرانس، کینیڈا، برطانیہ، ترکی اور جاپان نے موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
دس ماہ سے جاری جنگ میں اسرائیل نے غزہ میں حماس کو تباہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
جنگ پچھلے سال سات اکتوبر کو شروع ہوئی جب حماس نے اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر حملہ کیا جس میں اسرائیلی حکام کےمطابق لگ بھگ 1200 لوگ ہلاک ہوئے تھے جب کہ جنگجو 250 افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
اسرائیل کے غزہ میں حملوں میں اب تک حماس کے زیرِ انتظام صحت کے حکام کے مطابق 39 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔
تہران میں ہلاک ہونے والے حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں گروپ کی رہنمائی کر رہے تھے۔
ان کی ہلاکت نے امریکہ، مصر اور قطر کی ثالثی میں جنگ بندی،یرغمالوں کی بازیابی اور اسرائیل میں قید فلسطینیوں کی رہائی پر ہونے والے مذاکرات کے مستقبل کے بارے میں سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
غزہ: اسرائیل کا حماس کے سکیورٹی ادارے کے اعلیٰ عہدیدار کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
21/October/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کی خبر امریکی سینٹکام نے مسترد کردی
21/October/2026 👁️ 75 بار دیکھا گیا
عاصم منیر کی تہران میں اہم ملاقاتیں، ایران کا افزودہ یورینیم بیرون ملک منتقل کرنے سے انکار، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکی اقدامات پر زور
20/October/2026 👁️ 240 بار دیکھا گیا
نیتن یاہو کا ایرانی حکومت کے خاتمے پر اصرار، ٹرمپ سے متعدد بار گفتگو کا دعویٰ
20/October/2026 👁️ 101 بار دیکھا گیا
عراق: کرکوک میں داعش کے حملوں میں اضافہ، سکیورٹی خلا سے فائدہ اٹھانے کا خدشہ، ماہرین نے خبردار کردیا
20/October/2026 👁️ 103 بار دیکھا گیا
سعودی عرب کے دفاع کے لیے برطانیہ کے ٹائفون لڑاکا طیارے تعینات کرنے کا اعلان
20/October/2026 👁️ 68 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26388 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15625 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11920 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9274 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7533 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5487 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C