09/October/2025

ملک دشمن دہشت گردوں کا سر کچلنے کا وقت آ گیا، اب مزید انتظار نہیں ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف

👁️ 240 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ملک دشمن دہشت گردوں کا سر کچلنے کا وقت آ گیا، اب مزید انتظار نہیں ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف

ملک دشمن دہشت گردوں کا سر کچلنے کا وقت آ گیا، اب مزید انتظار نہیں ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ڈیلی اردو)پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بس بہت ہوگیا، مزید انتظار نہیں کیا جاسکتا، دہشت گردوں کا سر کچلنا ہوگا۔ وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے دو ہفتوں کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل راولپنڈی میں سپہ سالار کے ہمراہ میجر سبطین حیدر اور لیفٹیننٹ کرنل جنید سمیت دیگر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید نے فرنٹ لائن سے قیادت کی اور دہشت گردوں کے 19 افراد کو ہلاک کیا، تاہم وہ اور ان کے 10 ساتھی وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرگئے۔ میجر سبطین حیدر نے بھی اسی عزم کے ساتھ دشمن کے سامنے بہادری سے مقابلہ کیا اور وطن پر قرباب ہوگئے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ہلاک شدگان کے والدین اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ہر ایک نے فخر کے ساتھ کہا کہ ہمارے بیٹے نے وطن کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہدا اپنی اولادوں کو یتیم کر کے قوم کے لاکھوں بچوں کے مستقبل کی حفاظت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ دہشت گردوں کو اب بھی بعض عناصر کی جانب سے تحفظ اور نرم گوشہ دیا جاتا ہے۔ یہ دہشت گرد ہمسایہ ملک سے آکر پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جب کہ کچھ نام نہاد دوست ان کی حمایت میں بیانات دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک شدگان کے خون نے یہ لکیر کھینچ دی ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا اس کے خلاف، اب کسی کو بھی اس لکیر کو مٹانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر دہشت گردی کے واقعات جاری رہے تو حکومت، صوبائی ادارے، وزرا، پارلیمنٹ اور تمام محنت رائیگاں جا سکتی ہے۔ اب ہمیں فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ کراچی سے پشاور تک پوری قوم ایک سوال کر رہی ہے کہ آخر یہ سب کب تک چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معاشی اور سفارتی میدان میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، بھارت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سرخرو ہوا ہے، لیکن اب یہ دہشت گرد ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، اگر ہم نے ان کی قربانیوں کو فراموش کیا تو یہ قوم اور خدا دونوں کے ساتھ خیانت ہوگی۔ دہشت گردوں کے سہولت کار بھی اتنے ہی مجرم ہیں جتنے وہ خود، اب وقت آ گیا ہے کہ اس لعنت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار کی سوچ، عزم اور قیادت اس ملک کے دفاع کی ضمانت ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ میں غزہ اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 24 کروڑ عوام اور تمام سیاسی جماعتوں نے ایک آواز ہو کر فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات، تجارت اور دہشت گردی کے خاتمے پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان نے اسرائیل کی جارحیت اور نسل کشی کی مذمت کی اور آزاد فلسطین کے دیرینہ مؤقف کو ایک بار پھر دوہرایا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C