03/October/2025

پاکستان: ستمبر میں دہشت گرد حملوں سے 135 افراد ہلاک، 173 زخمی، 27 اغوا

👁️ 395 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پاکستان: ستمبر میں دہشت گرد حملوں سے 135 افراد ہلاک، 173 زخمی، 27 اغوا

پاکستان: ستمبر میں دہشت گرد حملوں سے 135 افراد ہلاک، 173 زخمی، 27 اغوا

واشنگٹن (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان میں ستمبر 2025 کے دوران دہشت گردی کے حملوں میں 135  افراد ہلاک اور 173 زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں نے کم از کم 27 افراد کو اغوا کیا۔ ہلاک ہونے والوں میں 61 سیکیورٹی اہلکار، 54 عام شہری اور 20 دہشت گرد شامل تھے، زخمیوں میں 74 سیکیورٹی اہلکار اور 99 شہری شامل ہیں۔ 

 

یہ اعداد و شمار پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پکس) اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی رپورٹس سے حاصل کیے گئے ہیں۔ 

 

پکس کے مطابق اگست کے ریکارڈ سطح کے مقابلے میں ستمبر میں شدت پسندانہ حملوں کی تعداد اور شدت دونوں میں تیزی سے کمی ہوئی۔

 

 پکس ملیٹنسی ڈیٹا بیس کے مطابق اگست میں 143 حملے ہوئے جبکہ ستمبر میں یہ تعداد گھٹ کر 69 رہی، ان حملوں میں 135 افراد ہلاک اور 173 زخمی ہوئے جبکہ 27 افراد کو اغوا کیا گیا۔ 

 

اگست کے مقابلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں میں 16 فیصد، شدت پسندوں کی ہلاکتوں میں 66 فیصد اور شہری اموات میں 17 فیصد کمی واقع ہوئی۔

 

صوبہ وار صورتحال کے مطابق خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا جہاں 45 حملوں میں 54 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوئے، مرکزی اضلاع میں 25 حملوں کے نتیجے میں 33 افراد لقمہ اجل بنے جن میں 20 سیکیورٹی اہلکار، 9 دہشت گرد اور 4 شہری شامل تھے جبکہ 42 افراد زخمی ہوئے، شدت پسندوں نے 9 افراد کو اغوا کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے 22 آپریشنز میں 88 شدت پسندوں کو ہلاک اور 5 کو گرفتار کیا، اس دوران 5 اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

 

 قبائلی اضلاع میں 20 حملوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے جن میں 6 سیکیورٹی اہلکار، 3 شدت پسند اور 12 شہری شامل تھے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے، شدت پسندوں نے 4 افراد کو اغوا کیا اور سیکیورٹی فورسز نے 18 کارروائیوں میں 83 شدت پسندوں کو ہلاک کیا تاہم ان کارروائیوں کے دوران 24 شہری بھی ہلاک ہوئے۔ 

 

بلوچستان میں 21 حملوں میں 79 افراد ہلاک ہوئے جن میں 33 سیکیورٹی اہلکار، 8 شدت پسند اور 38 شہری شامل تھے جبکہ 122 افراد زخمی ہوئے جن میں 37 سیکیورٹی اہلکار اور 85 شہری شامل تھے، شدت پسندوں نے 14 افراد کو اغوا کیا، سیکیورٹی فورسز نے صوبے میں 7 آپریشنز میں 26 شدت پسندوں کو ہلاک اور 10 کو گرفتار کیا۔ 

 

سندھ میں 3 حملے ہوئے جن میں 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 2 شہری زخمی ہوئے۔ 

 

دوسری جانب سی آر ایس ایس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں مجموعی تشدد میں 46 فیصد اضافہ دیکھا، اس عرصے میں 329 پرتشدد واقعات ہوئے جن میں کم از کم 901 افراد ہلاک اور 599 زخمی ہوئے۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 کے صرف 3 سہ ماہیوں میں ہی تقریباً اتنی ہلاکتیں ہو چکی ہیں جتنی پورے 2024 میں ہوئیں، 2025 میں اب تک 2414 ہلاکتیں ریکارڈ ہوچکی ہیں جبکہ پورے 2024 میں یہ تعداد 2546 تھی، اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو 2025 گزشتہ ایک دہائی کے سب سے زیادہ ہلاکت خیز سالوں میں شامل ہوسکتا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C