04/March/2024

پاکستان میں افغان نژاد کالعدم ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق

👁️ 32 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پاکستان میں افغان نژاد کالعدم ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق

پاکستان میں افغان نژاد کالعدم ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے افغان نژاد باشندوں کے ملوث ہونے کی ایک بار پھر تصدیق ہو گئی۔

نجی ٹی وی چینل ’ڈان نیوز‘ کے مطابق 28 فروری کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی شمالی وزیرستان میں مارے گئے 6 دہشت گردوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا جس کے دوران ہلاک دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد نیٹ ورک کو افغان دہشت گردوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آور کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں 16 سالہ مبینہ خودکش بمبار عابد اللہ ولد جمال بھی شامل ہے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں افغانستان کے ضلع خوست کا رہائشی محمد انور ولد انگور خان، ضلع لوگر کے رہائشی حمزہ اور فرمان، ضلع خوست کا رہائشی شبیر جان عرف عابد، ضلع پکتیکا کا رہائشی گل جان اور طلحہ عرف ضرار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا تھا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 28 فروری 2024 کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پرآپریشن کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ، بھتہ خوری اور اغوا کی متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C