14/August/2026

پنجاب: لاہور میں دو مقامات پر دہشت گرد حملے، 3 پولیس اہلکار ہلاک، 4 زخمی

👁️ 124 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پنجاب: لاہور میں دو مقامات پر دہشت گرد حملے، 3 پولیس اہلکار ہلاک، 4 زخمی

پنجاب: لاہور میں دو مقامات پر دہشت گرد حملے، 3 پولیس اہلکار ہلاک، 4 زخمی

لاہور (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دہشت گردوں نے دو مختلف مقامات پر پولیس ٹیموں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک راہ گیر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ دوسرے حملے کے بعد مسلح ملزمان پولیس کی سرکاری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔


پولیس کے مطابق دونوں حملوں میں ملوث ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے، جبکہ دونوں واقعات میں فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم کی شناخت ریحان بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔


بادامی باغ میں پولیس ٹیم پر حملہ


پولیس کے مطابق پہلا حملہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں کیا گیا، جہاں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مطلوب ملزم ریحان بٹ ایک گھر میں موجود ہے۔


اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد پر مشتمل پولیس ٹیم نے مشتبہ گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے اچانک فائرنگ کردی۔


فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد ہلاک ہوگئے، جبکہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے رکشے میں فرار ہوگئے۔


واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔


یتیم خانہ چوک میں دوسرا حملہ


پولیس حکام کے مطابق بادامی باغ میں حملے کے بعد ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری تھیں کہ تین مسلح افراد نے لاہور کے یتیم خانہ چوک میں ایک کالعدم مذہبی تنظیم کے ہیڈکوارٹر کے باہر موجود پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔


ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق دوسرے حملے میں پولیس اہلکار حارث سلیم ہلاک ہوگئے، جبکہ اویس، شفیق اور اعظم زخمی ہوئے۔


فائرنگ کے دوران ایک راہ گیر بھی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔

حکام کے مطابق حملے کے بعد ملزمان نے پولیس کی سرکاری گاڑی بھی چھین لی اور فرار ہوگئے۔


ملزمان کا ٹی ٹی پی سے تعلق، مرکزی ملزم کی شناخت


ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔


پولیس کے مطابق دونوں مقامات پر فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم ریحان بٹ ہے۔ حکام کے مطابق ریحان بٹ کا بھائی فیضان بٹ تقریباً دو سال قبل محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کے ساتھ ایک مقابلے میں مارا گیا تھا۔


پولیس کے مطابق ریحان بٹ کے خلاف ہلاک ہونے والے سب انسپکٹر عدیل نے دسمبر 2024 میں دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔


سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

 

پولیس پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے، جس میں مسلح ملزمان کی نقل و حرکت اور فائرنگ کے واقعے کو دیکھا جاسکتا ہے۔


تفتیشی حکام سی سی ٹی وی فوٹیج، جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور دیگر معلومات کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشن


ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی، انویسٹی گیشن اور آپریشنز ونگ کی تمام ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔


پولیس نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں اور فرار کے راستوں کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔


آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔


حکام کا کہنا ہے کہ دونوں حملوں کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی مزید تیز کردی گئی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C