یمن میں امریکی فضائی حملے، 40 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی
👁️ 138 بار دیکھا گیا
یمن میں امریکی فضائی حملے، 40 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی
واشنگٹن (ڈیلی اردو/اے ایف پی/اے پی/ڈی پی اے) ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یمن کے حوثیوں کے خلاف پہلے امریکی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 40 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 100 سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
حوثیوں کی وزارت صحت کے ترجمان انیس الاصباحی نے آج اتوار 16 مارچ کو ایک بیان میں کہا کہ صنعا کے ساتھ ساتھ صعدہ، البیضاء اور ردا کے علاقوں پر ہونے والے امریکی حملوں میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 101 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر ”بچے اور خواتین تھیں۔‘‘ باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا میں اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر نے دھماکوں کی آواز سنی اور دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے۔
ٹرمپ کی دھمکی
امریکی صدر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ گروپ نے تجارتی بحری جہازوں پر حملے بند نہ کیے تو اس پر ”جہنم کی بارش ہو گی۔‘‘ واضح رہے کہ غزہ کی جنگ کے دوران حوثی باغیوں کی طرف سے اسرائیل اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر مسلسل حملے ہوتے رہے۔ اس تناظر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں حوثی باغیوں کی کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے زبردست اور مہلک طاقت کے استعمال کا عزم ظاہر کیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام حوثی باغیوں کے لیے اپنے پیغام میں کہا، ”آپ کا وقت ختم ہو گیا ہے، اور آپ کے حملوں کا سلسلہ آج سے ہی رکنا چاہیے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو آپ پر جہنم کی وہ بارش ہو گی جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہو گی!‘‘
حوثیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرنے کے علاوہ ٹرمپ نے اس گروپ کے مرکزی حمایتی ‘ ایران‘ کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا، ”حوثی دہشت گردوں کی حمایت فوری طور پر ختم ہونی چاہیے!‘‘ ایران کو دھمکی دیتے ہوئے ٹرمپ کا مزید کہنا تھا، ”امریکی عوام، ان کے صدر… یا دنیا بھر کی شپنگ لین کو دھمکیاں نہ دیں۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو ہوشیار رہیں، کیونکہ امریکہ آپ کو مکمل طور پر جوابدہ ٹھہرائے گا اور آپ کے ساتھ کچھ اچھا نہیں کرے گا۔‘‘
حوثی باغیوں کا رد عمل
حوثیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکی حملوں کا جواب دیا جائے گا۔ دریں اثناء ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یمن میں تازہ ترین امریکی حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت کی اور کہا کہ واشنگٹن کے پاس تہران کی خارجہ پالیسی کے بارے میں حکم چلانے کا ”کوئی اختیار نہیں‘‘ ہے۔
حوثی باغیوں کے سیاسی دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا، ”یمنی مسلح افواج شدت پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘‘
حوثی باغی، جنہوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے یمن کے بیشتر حصے پر قبضہ کر رکھا ہے، ایران نواز گروپوں کے ”محور مزاحمت‘‘ کا حصہ ہیں جو اسرائیل اور امریکہ کے سخت مخالف ہیں۔ انہوں نے غزہ جنگ کے دوران بحیرہ احمر اور خلیج عدن سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے۔
امریکی سنٹرل کمانڈ کا بیان
امریکی سنٹرل کمانڈ (CENTCOM)، نے جنگجوؤں کی تصاویر اور ایک عمارت کے احاطے کو منہدم کرنے والے ایک بم کا ایمج پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ”اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے والے حملوں کا مقصد امریکی مفادات کے دفاع، دشمنوں کو روکنے، اور نیویگیشن کی آزادی کو بحال کرنا تھا۔‘‘ تازہ امریکی حملوں کے بعد برطانیہ کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، جس نے جو بائیڈن کے دور صدارت میں امریکہ کے ساتھ مل کر حوثیوں کے خلاف اپنے طور پر حملے کیے تھے۔
امریکی حملے کی مذمت
فلسطینی گروپ حماس، نے حوثیوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے امریکی حملوں پر شدید تنقید کی ہے۔ حماس نے ان حملوں کو ”بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور ملک کی خودمختاری اور استحکام پر حملہ‘‘ قرار دیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی ایک بیان میں امریکی حملوں کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی اور انہیں ”اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی‘‘ قرار دیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ، حسین سلامی نے کہا، ”ایران جنگ نہیں کرے گا، لیکن اگر کسی نے دھمکی دی تو وہ مناسب، فیصلہ کن اور حتمی جواب دے گا۔‘‘
امریکہ کی طرف سے یمن میں حوثی باغیوں پر تازہ حملے حوثی باغیوں کے چند روز قبل دیے گئے اُس بیان کے بعد ہوئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ غزہ پر اسرائیل کی تازہ ترین ناکہ بندی کے جواب میں وہ یمن سے گزرنے والے اسرائیلی جہازوں پر حملے دوبارہ شروع کر دیں گے۔ تاہم تب سے حوثی باغیوں کی طرف سے کوئی حملہ نہیں ہوا ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے کہا کہ حوثیوں نے 2023ء سے اب تک 174 مرتبہ امریکی جنگی جہازوں اور 145 بار تجارتی جہازوں پر حملے کیے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
عراق میں ایرانی مسلح گروہوں کا ہتھیار ڈالنے کا اعلان
14/June/2026 👁️ 166 بار دیکھا گیا
اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری، 24 علاقوں کیلئے انخلا کا حکم
14/June/2026 👁️ 205 بار دیکھا گیا
امریکہ کے ساتھ امن معاہدے پر اتوار کو دستخط ممکن نہیں، ایران
14/June/2026 👁️ 135 بار دیکھا گیا
ایران کے ساتھ معاہدہ اتوار کو دستخط ہوگا، امریکی صدر ٹرمپ
14/June/2026 👁️ 127 بار دیکھا گیا
دفاعی بجٹ 3 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا، تین برس میں 878 ارب کا اضافہ
14/June/2026 👁️ 145 بار دیکھا گیا
بھارت نے لیفٹیننٹ جنرل دھیرج سیٹھ کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کر دیا
14/June/2026 👁️ 233 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8819 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4539 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3261 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2442 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2082 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1886 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C