25/November/2025

یورپی یونین: یوکرین کی خودمختاری کا احترام ضروری؛ روس نے امن تجاویز مسترد کر دیں

👁️ 176 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
یورپی یونین: یوکرین کی خودمختاری کا احترام ضروری؛ روس نے امن تجاویز مسترد کر دیں

یورپی یونین: یوکرین کی خودمختاری کا احترام ضروری؛ روس نے امن تجاویز مسترد کر دیں

برسلز (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیئر لائن نے  یوکرین میں امن کے لیے جینیوا مذاکرات میں پیش رفت کو سراہا ہے۔

 

کوسٹا نے آج بروز پیر انگولا میں یورپی یونین اور افریقی یونین کے سربراہی اجلاس کے موقع پر تمام 27 رکن ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کہا، ’’امن مذاکرات میں نیا موڑ آیا ہے۔‘‘

 

انہوں نے مزید کہا، ’’گزشتہ روز جنیوا میں امریکہ، یوکرین، یورپی یونین کے اداروں اور یورپی نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی۔‘‘

 

تاہم انہوں نے زور دیا کہ وہ معاملات جو براہِ راست یورپی یونین سے متعلق ہیں، جیسے روس پر پابندیاں، ان کی توسیع یا منجمد اثاثے ان کے لیے یورپی یونین کی مکمل شمولیت اور فیصلہ سازی ضروری ہے۔

 

کوسٹا کے مطابق یورپی یونین یوکرین کی حمایت کے عزم پر قائم ہے، ’’یوکرین نے یورپ کا انتخاب کیا ہے اور یورپ اس کا ساتھ دے گا۔‘‘

 

 فان ڈیئر لائن نے بھی جنیوا مذاکرات کو ’’آگے بڑھنے کی مضبوط بنیاد‘‘ قرار دیا۔

 

انہوں نے یوکرین کے مستقبل کے بارے میں یورپی یونین کے بنیادی اصول  کرتے ہوئے کہا، ’’یوکرین کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام ہونا ضروری ہے۔‘‘

 

انہوں نے کہا کہ یوکرین ایک خودمختار ملک کے طور پر اپنی مسلح افواج کے بارے میں خود فیصلے کرے گا اور اپنے مستقبل کا فیصلہ بھی وہ خود کرے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے مستقبل میں یورپ کا مرکزی کردار برقرار رہے گا۔

 

  یورپی کمیشن کی صدر نے اجلاس میں روس کے ہاتھوں جنگ کے دوران ’’اغوا‘‘ کیے گئے یوکرینی بچوں کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا، ’’ہر بچہ اپنے گھر لوٹے اور مجھے خوشی ہے کہ یہ معاملہ رہنماؤں کے درمیان اٹھایا گیا۔‘‘

 

یورپی امن تجاویز ’غیر تعمیری‘

 

دوسری جانب کریملن نے پیر کو کہا کہ یوکرین کے لیے امریکی 28 نکاتی امن منصوبے کے مقابلے میں یورپی تجاویز تعمیری نہیں اور ماسکو کے لیے قابلِ قبول نہیں۔

 

گزشتہ ہفتے امریکی امن منصوبے کا مسودہ سامنے آنے کے بعد یوکرین اور یورپی ممالک میں یہ تشویش بڑھ گئی تھی کہ نیٹو، علاقے اور امن معاہدے کی ترتیب سے متعلق روس کے بنیادی مطالبات شاید واشنگٹن نے تسلیم کر لیے ہیں۔ روئٹرز کے مطابق یورپی منصوبہ نیٹو اور علاقائی معاملات سے متعلق اہم نکات کے مفہوم اور وزن میں نمایاں تبدیلیاں لاتا ہے۔

 

کریملن کے خارجہ امور کے مشیر یوری اوشاکوف نے ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’یورپی منصوبہ پہلی نظر میں مکمل طور پر غیر تعمیری ہے۔ یہ ہمارے لیے قابلِ عمل نہیں۔‘‘

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C