اسرائیل کا شمالی غزہ میں جاری فوجی آپریشن میں مزید وسعت کا اعلان
👁️ 76 بار دیکھا گیا
اسرائیل کا شمالی غزہ میں جاری فوجی آپریشن میں مزید وسعت کا اعلان
تل ابیب (ڈیلی اردو/ڈی اپی اے/اے ایف پی) اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے غزہ پٹی کے شمال میں حماس کے خلاف اپنی جاری فوجی کارروائیوں میں مزید وسعت لانے کا اعلان کیا ہے۔ آئی ڈی ایف نے آج بروز جمعرات کہا، ”آئی ڈی ایف کے دستوں نے بیت لاہیہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کام کرنا شروع کر دیا ہے۔‘‘
اس بیان میں مزید کہاگیا، ”اس کے ساتھ ہی آئی ڈی ایف کے دستے جبالیہ کے علاقے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور گزشتہ روز تقریباً 50 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔‘‘ بیت لاہیہ نامی شہر غزہ پٹی کے انتہائی شمال میں واقع ہے جبکہ جبالیہ کا پناہ گزین کیمپ اس کے بالکل جنوب میں واقع ہے۔ فلسطینی ذرائع نے تباہ شدہ علاقے میں شہری ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے اور وہاں انسانی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ہے۔
آئی ڈی ایف نے مقامی آبادی سے یہ علاقہ خالی کر دینے کا مطالبہ کیا ہے لیکن رہائشیوں کے مطابق بہت سے لوگ وہاں سے جانے سے انکار کر رہے ہیں کیونکہ وہ غزہ پٹی کے دیگر حصوں کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور جنگی زون سے نکلنے کے لیے وہاں سے گزرنے والے خطرناک راستے سے خوفزدہ ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے فوجیوں نے مصر کے ساتھ سرحد پر رفح کے ارد گرد کے علاقے میں ”متعدد مسلح دہشت گردوں اور دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے‘‘ کو ختم کر دیا۔ اسرائیلی فوج بار بار ان علاقوں میں واپس جا رہی ہے، جو اس نے پہلے خالی کر دیے تھے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں میں حماس کے سیلز کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں جنوبی اسرائیل میں حماس کے جنگجوؤں کے دہشت گردانہ حملے میں بارہ سو افراد کی ہلاکت کے بعد غزہ کی ساحلی پٹی میں اپنی فوجی مہم شروع کی تھی۔
اس مہم میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق اب تک 43 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
بیروت کا ہوائی اڈہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ
لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ملک کا واحد بین الاقوامی ہوائی اڈہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ ان کا یہ بیان دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں اور ہوائی اڈے کے قریب اسرائیلی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
لبنانی وزیر علی حمیہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ بیروت ایئر پورٹ سے مسافر طیارے بغیر کسی مسئلے کے ٹیک آف اور لینڈنگ کر رہے ہیں۔ جائے وقوعہ پر موجود اے ایف پی کے ایک فوٹو گرافر کے مطابق، ہوائی اڈے کی دیوار کے ساتھ ہیٹر بنانے کی ایک فیکٹری کو اسرائیلی حملے میں بری طرح نقصان پہنچا۔ اسرائیل ستمبر کے اواخر سے لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔
بیروت کے ہوائی اڈے کے قریب یہ نیا حملہ حزب اللہ کی جانب سے بدھ کے روز اس اعلان کے بعد کیا گیا کہ اس نے اسرائیل کے مرکزی بین گوریان ہوائی اڈے کے قریب ایک اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
بیروت ایئر پورٹ کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ بدھ کو رات بھر جاری رہنے والے اسرائیلی حملوں سے کچھ عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا لیکن ٹرمینل کی عمارت کے اندر کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے کی وجہ سے لبنان کی قومی فضائی کمپنی مڈل ایسٹ ایئرلائنز کے ذیلی ادارے کی دیکھ بھال کی عمارت متاثر ہوئی ہے۔ یہ عملی طور پر وہ واحد ایئر لائن ہے جو اب بھی وہاں سے اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیلی فوج نے اس سے قبل جنوبی بیروت کے چار محلوں کے رہائشیوں کے لیے انخلا کا حکم جاری کیا تھا، جس میں ہوائی اڈے کے قریب ایک جگہ بھی شامل تھی۔
وزیر صحت فراس ابیض کے مطابق 23 ستمبر سے لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 2,600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ایرانی سپریم لیڈر ایٹم بم بنانے اور جوہری عدم پھلاؤ کے معاہدے سے نکلنے کا حکم دے سکتے ہیں ، ایرانی مشیر قومی سلامتی
20/October/2026 👁️ 102 بار دیکھا گیا
ایران کے کونارک بحری اڈے پر مبینہ امریکی حملہ، دو فوجی زخمی؛ واشنگٹن نے دعوے کی تردید کردی
20/October/2026 👁️ 102 بار دیکھا گیا
روس ایران کے ساتھ تعاون ختم نہیں کرے گا، لاوروف کا تہران میں اعلان
19/October/2026 👁️ 108 بار دیکھا گیا
احمد آباد بم دھماکے کیس: بھارتی سپریم کورٹ نے محمد تنویر کی سزائے موت روکنے کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا حکم دےدیا
19/October/2026 👁️ 78 بار دیکھا گیا
بلوچستان: چاغی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی
19/October/2026 👁️ 104 بار دیکھا گیا
بھارت کے زیر انتظام کشمیر: سرینگر گرینیڈ حملہ کیس میں پلوامہ کے دو نوجوان بری، تحقیقات میں خامیوں کی نشاندہی
19/October/2026 👁️ 85 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26388 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15624 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11919 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9273 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7532 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5486 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C