افغانستان: پاکستانی فضائی حملوں میں 36 افغان شہری ہلاک، طالبان کا دعویٰ
👁️ 216 بار دیکھا گیا
افغانستان: پاکستانی فضائی حملوں میں 36 افغان شہری ہلاک، طالبان کا دعویٰ
کابل/اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں کیے گئے فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 36 عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر زخمی بچوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ ’’ہم جارحیت کے اس بزدلانہ فعل کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اسے ایک جرم اور سفاکانہ عمل سمجھتے ہیں۔‘‘
طالبان ترجمان کے مطابق فضائی حملے پکتیکا کے علاقے جانی، پکتیا کے علاقے سمکانی اور کنڑ کے علاقے مرورہ میں عام شہری آبادیوں پر کیے گئے۔
طالبان حکومت کے سکیورٹی ذرائع نے بی بی سی پشتو کو بتایا کہ گزشتہ شب ہونے والے حملوں میں سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ پکتیا کے گاؤں مندی خیل میں ہوا، جہاں تقریباً 100 افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم بی بی سی پشتو نے کہا ہے کہ وہ اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔
مقامی ہسپتال کے چیف فزیشن ڈاکٹر نوروز کے مطابق حملے کے بعد 40 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے گردیز ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔
بی بی سی پشتو کے مطابق صوبہ پکتیکا کے علاقے گیان میں محمد امین نامی شخص کا گھر بھی حملے کی زد میں آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے۔
صوبہ کنڑ میں طالبان حکومت کے مقامی حکام نے بتایا کہ ضلع مرورہ کے علاقے بارول میں بھی رات گئے ایک گھر کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، تاہم علاقے کے دور افتادہ ہونے کے باعث تاحال جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
بی بی سی پشتو کو موصول ہونے والی ویڈیوز میں بعض زخمی افراد اور عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان کی جانب سے یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی گئیں جب ایک روز قبل کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں رینجرز کے کمپاؤنڈ پر حملے میں تین سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستانی فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک جبکہ ایک زخمی حملہ آور کو گرفتار کیا گیا، جسے افغان شہری قرار دیا گیا۔ کالعدم جماعت الاحرار نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
پاکستانی سرکاری میڈیا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار زخمی حملہ آور نے اعتراف کیا ہے کہ اس کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس نے وہیں تربیت حاصل کی۔
وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سرحد پار کارروائیاں حالیہ دہشت گرد حملوں، خصوصاً کراچی میں رینجرز کے کمپاؤنڈ پر حملے، کے جواب میں کی گئیں۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ’’دہشت گردوں کے کیمپوں اور محفوظ ٹھکانوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔‘‘
اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان مخالف شدت پسند گروہوں کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے، تاہم افغان طالبان اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ پاکستان میں شدت پسندی ایک اندرونی مسئلہ ہے۔
مارچ میں دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، تاہم اس کے باوجود وقفے وقفے سے سرحد پار حملے جاری رہے۔ افغان حکام کے مطابق جون میں ہونے والے پاکستانی فضائی حملوں میں بھی 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تازہ حملوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل تناؤ کا شکار رہے ہیں، جبکہ چین سمیت متعدد ممالک کی ثالثی کی کوششیں اب تک دیرپا حل نکالنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں سے پاکستان کے براہ راست متاثر ہونے کا خدشہ
18/July/2026 👁️ 259 بار دیکھا گیا
بنوں میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 24 دہشت گرد ہلاک
18/July/2026 👁️ 145 بار دیکھا گیا
ایران پر امریکی حملوں کا ساتواں روز، 38 افراد ہلاک، 400 سے زائد زخمی
18/July/2026 👁️ 121 بار دیکھا گیا
امریکی حملے بند ہونے تک جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی، ایرانی پاسدارانِ انقلاب
18/July/2026 👁️ 193 بار دیکھا گیا
بلوچستان: مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک، متعدد زخمی
17/July/2026 👁️ 351 بار دیکھا گیا
بنوں میں تین نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
17/July/2026 👁️ 170 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8953 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4794 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3565 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 2856 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2558 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2314 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C