ایرانی حملے کا خطرہ: امریکہ، برطانیہ اور یورپی ممالک نے اپنے شہریوں اور سفارتی عملے پر سفری پابندیاں عائد کر دیں
👁️ 59 بار دیکھا گیا
ایرانی حملے کا خطرہ: امریکہ، برطانیہ اور یورپی ممالک نے اپنے شہریوں اور سفارتی عملے پر سفری پابندیاں عائد کر دیں
لندن (ڈیلی اردو/بی بی سی) امریکہ نے ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر اسرائیل میں موجود اپنے سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ انھوں نے اسرائیل میں موجود اپنے سفارتی عملے کو تنبیہ کی ہے کہ وہ یروشلم اور تل ابیب کے علاقوں سے باہر سفر کرنے سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ ایران نے 11 روز قبل (یکم اپریل) شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع اپنے سفارتخانے پر ہونے والے ایک حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے بڑی جوابی کارروائی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ اس حملے میں سینیئر ایرانی کمانڈر سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دو امریکی عہدیداروں نے ’سی بی ایس‘ نیوز کو بتایا ہے کہ ایران کا ممکنہ حملہ جلد ہو سکتا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کے پاس موجود انٹیلیجنس اطلاعات کے مطابق اس ممکنہ ایرانی حملے میں 100 سے زیادہ ڈرون، درجنوں کروز میزائل اور شاید بیلسٹک میزائل بھی استعمال ہو سکتے ہیں جن کے ذریعے اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
اسرائیل نے یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن عام خیال یہی ہے کہ اس حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
ایران غزہ میں اسرائیل سے لڑنے والے مسلح فلسطینی گروپ حماس کی حمایت کرتا ہے جبکہ اس کے ساتھ پورے خطے میں سرگرم مختلف پراکسی گروپس، جیسا کہ لبنان میں حزب اللہ، اکثر اسرائیلی اہداف کے خلاف حملے کرتے رہتے ہیں۔
دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے میں ہلاک ہونے والوں میں شام اور لبنان میں ایران کی ایلیٹ قدس فورس کے ایک سیینئر کمانڈر کے علاوہ دیگر عسکری شخصیات بھی شامل تھیں۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب غزہ میں جاری جنگ کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے عالمی سطح پر سفارتی کوششیں جاری تھیں۔
بدھ کے روز بات کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا کہ (قونصل خانے پر حملے کے تناظر میں) ایران ایک ’بڑے حملے‘ کی دھمکی دے رہا ہے تاہم انھوں نے اس موقع پر اسرائیل کا ہر طرح سے ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی کہا ہے کہ اُن کی حکومت کسی بھی سکیورٹی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے یہ انتباہ بھی کیا کہ اسرائیل ہر ایسے ملک کو نقصان پہنچائے گا جو اسے (اسرائیل) نقصان پہنچانے کے درپے ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت اسرائیل کی ریاست کی سلامتی کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے۔
مشرق وسطیٰ میں امریکی آپریشنز کے ذمہ دار کمانڈر ایرک کریلا نے سکیورٹی خطرات پر بات چیت کے لیے حال ہی میں اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔
پینٹاگون نے کہا کہ کمانڈر ایرک کا یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا لیکن ’حال ہی ہونے والی پیش رفت کی وجہ سے‘ اس کا شیڈول بدلا گیا ہے اور اسے طے شدہ وقت سے پہلے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ایک ٹیلفونک گفتگو میں برطانیہ کے وزیر خارجہ لارڈ کیمرون نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا ہے۔
لارڈ کیمرون نے کہا کہ انھوں (برطانیہ) نے ’واضح کر دیا ہے کہ ایران کو مشرق وسطیٰ کو وسیع تر تنازع کی جانب دھکیلنے سے گریز کرنا چاہیے۔‘
انھوں نے کہا کہ حالات کا درست تجزیہ نہ کرنا مزید تشدد کا باعث بن سکتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چین، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے بات کی ہے اور کہا ہے کہ مزید کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
امریکی وزیر خارجہ سے ہونے والے ٹیلیفونک رابطے کے بعد چین نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ’تعمیری کردار‘ ادا کرے۔ چین نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی بھی کُھلے الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ایران کی جانب سے کیے جانے والا ممکنہ جوابی حملے براہ راست ایران کرے گا یا وہ اس کام کے لیے اپنی پراکسی (جیسا کہ حزب اللہ) کو استعمال کرے گا۔
گذشتہ اتوار کو ایک ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا تھا کہ دنیا بھر میں موجود اسرائیل کے سفارتخانے ’اب محفوظ نہیں ہیں‘۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ممکنہ طور پر کسی اسرائیلی قونصل خانے کی عمارت ایران کا ممکنہ ہدف ہو سکتی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے حال ہی میں اپنے امریکی ہم منصب سے بات کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ ’اسرائیلی سرزمین پر کسی بھی براہ راست ایرانی حملے‘ کے نتیجے میں مناسب ردعمل دینے کی ضرورت ہو گی۔
جمعرات کو سفری پابندیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا تھا کہ وہ یہ تفصیلات فراہم نہیں کریں گے کن جائزوں کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے مزید کہا کہ ’واضح طور پر ہم مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر اسرائیل میں درپیش خطرے کی صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔‘
برطانیہ کے دفتر خارجہ نے بھی اسرائیل کے لیے اپنے سفری ہدایت نامے کو اپ ڈیٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’ایران کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر حملے کے امکان کا خدشہ بڑھ گیا ہے، اور یہ کہ اس طرح کا ممکنہ حملہ وسیع تر کشیدگی کو جنم دے سکتا ہے۔‘
اسی طرح فرانس نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’آنے والے دنوں میں ایران، لبنان، اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔‘ جبکہ ایران میں موجود فرانسیسی سفارتکاروں کے اہلخانہ کو واپس بلایا جا رہا ہے۔
جرمن ایئر لائن ’لیفتھیزا‘ نے ایرانی دارالحکومت تہران کے لیے اپنی پروازوں کی معطلی کے دورانیے میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک
23/July/2026 👁️ 204 بار دیکھا گیا
بلوچستان کے تین اضلاع سے سات افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد
23/July/2026 👁️ 176 بار دیکھا گیا
امریکہ نے سعودی عرب کو جوہری پروگرام شروع کرنے کی اجازت دے دی
23/July/2026 👁️ 182 بار دیکھا گیا
مہمند میں سیکیورٹی فورسز کی بی ڈی ٹیم پر دھماکا، 3 اہلکار ہلاک، 4 زخمی
23/July/2026 👁️ 153 بار دیکھا گیا
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک، 2 خواتین خودکش بمبار گرفتار
23/July/2026 👁️ 178 بار دیکھا گیا
حوثیوں کی سعودی عرب کو دھمکی، پاکستان نے سخت وارننگ جاری کر دی
23/July/2026 👁️ 228 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8970 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4830 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3678 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3581 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2570 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2324 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C