26/April/2026

ایرانی وفد امریکہ سے مذاکرات کے بغیر پاکستان سے واپس روانہ

👁️ 171 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایرانی وفد امریکہ سے مذاکرات کے بغیر پاکستان سے واپس روانہ

ایرانی وفد امریکہ سے مذاکرات کے بغیر پاکستان سے واپس روانہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کی قیادت میں آیا ہوا وفد ہفتے کے روز اسلام آباد سے واپس روانہ ہو گیا۔ اس وفد نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

 

ذرائع کے مطابق ایران نے اپنے مذاکراتی مطالبات اور امریکی شرائط پر اپنے تحفظات پاکستانی حکام  کے حوالے کر دیے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار  اور ایران کے سفیر رضا امیری  بھی موجود تھے۔

 

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اس ملاقات کو ’’نہایت خوشگوار اور دوستانہ تبادلہ خیال‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔

 

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق یہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، جس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مکالمت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ 

 

واشنگٹن اور تہران کے درمیان پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں دو ہفتے قبل ہونے والے پہلے براہ راست امن مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ہی ختم ہو گئے تھے، اور اب تک اس نوعیت کے دوسرے دور کی بات چیت شروع نہیں ہو سکی۔

 

یہ مذاکرات ایک عارضی فائر بندی کے بعد ہوئے تھے، لیکن اہم تنازعات خصوصاً ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق اختلافات برقرار رہے، جن کے باعث پیش رفت رک گئی تھی۔

 

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو اسلام آباد بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ یہ مذاکرات دوبارہ شروع کیے جا سکیں۔

 

تاہم صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے کیونکہ ایران کی جانب سے براہ راست مذاکرات کے حوالے سے ہچکچاہٹ ظاہر کی گئی ہے اور امکان ہے کہ نئی بات چیت ابتدا میں بالواسطہ طور پر پاکستان کے ذریعے ہی آگے بڑھے گی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C