26/May/2025

خیبر پختونخوا: ٹانک میں شدت پسندوں نے انسداد پولیو ٹیم کے دو کارکنان کو اغوا کر لیا

👁️ 563 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
خیبر پختونخوا: ٹانک میں شدت پسندوں نے انسداد پولیو ٹیم کے دو کارکنان کو اغوا کر لیا

خیبر پختونخوا: ٹانک میں شدت پسندوں نے انسداد پولیو ٹیم کے دو کارکنان کو اغوا کر لیا

ٹانک (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں جاری تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران شدت پسندوں نے انسداد پولیو ٹیم کے دو کارکنان کو اغوا کر لیا ہے۔ واقعہ تھانہ پینگ کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب پولیو ٹیم کے اہلکار معمول کے مطابق بچوں کو قطرے پلانے کے لیے روانہ ہوئے۔

ضلعی پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مغوی کارکنان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاہم تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ اطلاعات کے مطابق اغوا ہونے والے کارکنان میں ایک کا نام صفت اللہ بتایا گیا ہے جو پولیو یونین کونسل آفیسر کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب حکومت نے ٹانک سمیت دیگر حساس اضلاع میں پولیو مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا دعویٰ کیا تھا۔ سیکیورٹی خدشات کے باوجود انسداد پولیو مہم بدستور جاری تھی، مگر یہ واقعہ ان انتظامات کی ناکامی کو واضح کرتا ہے۔

مقامی سوشل ورکر اور قبائلی رہنما پتو خان کے مطابق، ضلع ٹانک میں گزشتہ کئی ہفتوں سے ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور دیگر پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو بھی شدت پسندوں نے نشانہ بنایا ہے۔ تاہم اب عام شہری اور سرکاری ورکرز بھی محفوظ نہیں رہے۔

پتو خان نے بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے قبائلی عمائدین، علما اور سیاسی رہنماؤں پر مشتمل ایک جرگہ کوشش کر رہا ہے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کچھ مغوی افراد بازیاب بھی ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو اس واقعے کے بعد شدید دباؤ کا سامنا ہے کہ وہ ایک طرف شدت پسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور دوسری جانب انسداد پولیو جیسے اہم قومی مشن کو جاری رکھنے کے لیے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کریں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C