28/July/2025

پاکستان کا زمینی راستے سے اربعین زیارات پر پابندی کا اعلان، فضائی سفر کی اجازت

👁️ 434 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پاکستان کا زمینی راستے سے اربعین زیارات پر پابندی کا اعلان، فضائی سفر کی اجازت

پاکستان کا زمینی راستے سے اربعین زیارات پر پابندی کا اعلان، فضائی سفر کی اجازت

اسلام آباد (ڈیلی اردو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو زمینی راستے سے ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ وزارتِ خارجہ، حکومتِ بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

 

محسن نقوی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں بتایا کہ زائرین فضائی ذریعے سے اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے، اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ زائرین کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروازوں کا بندوبست کیا جائے۔

 

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے بھی اربعین زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 8 سے 11 اگست تک کراچی سے نجف کے لیے چار پروازیں روانہ ہوں گی، جبکہ واپسی کی پروازیں 18 سے 21 اگست کے درمیان شیڈول ہیں۔ ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو چکا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید پروازیں بھی شامل کی جائیں گی۔

 

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے زائرین کے آئینی حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم سندھ اور کراچی کے رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس میں کہا گیا کہ یہ اقدام دہشت گردوں کے عزائم کو تقویت دے گا اور حکومتی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ زائرین کو سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور زمینی راستے پر پابندی اشتعال انگیزی کے مترادف ہے۔

 

یاد رہے کہ اربعین امام حسین علیہ السلام اور اُن کے ساتھیوں کی قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے، جو 680ء میں کربلا میں شہید ہوئے۔ ہر سال لاکھوں شیعہ مسلمان امام حسین اور حضرت عباس کے روضوں کی زیارت کے لیے عراق کا رخ کرتے ہیں، جن میں بڑی تعداد پاکستانی زائرین کی بھی ہوتی ہے۔ زائرین طویل فاصلہ پیدل طے کر کے کربلا پہنچتے ہیں، جس کا سب سے مشہور راستہ نجف سے کربلا تک 80 کلومیٹر طویل ہے۔

اس دوران زیارتوں کے علاوہ دعائیں بھی مانگی جاتی ہیں، ماتم بھی کیا جاتا ہے اور مرثیے اور نوحے بھی پڑھے جاتے ہیں۔

 

اربعین کے موقع پر زیارت کو شیعہ عقیدے میں باعثِ ثواب سمجھا جاتا ہے اور اس مذہبی اجتماع کو دنیا کے سب سے بڑے اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C