امریکی کمیشن کی رپورٹ: مئی کے 4 روزہ تصادم میں پاکستان کی ’فوجی کامیابی‘ کا اعتراف
👁️ 284 بار دیکھا گیا
امریکی کمیشن کی رپورٹ: مئی کے 4 روزہ تصادم میں پاکستان کی ’فوجی کامیابی‘ کا اعتراف
نئی دہلی (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) ایک امریکی سرکاری کمیشن کی رپورٹ میں مئی میں چار روزہ تصادم کے دوران بھارت پر پاکستان کی’فوجی کامیابی‘ کا ذکر کیا گیا ہے۔ کمیشن کی اس رپورٹ پر نئی دہلی کی طرف سے ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان مئی میں ہونے والے فوجی تصادم پر امریکی حکومت کے قانون ساز ادارے کے تحت کام کرنے والے امریکہ چین اقتصادی اور سکیورٹی ریویو کمیشن کی طرف سے جاری رپورٹ پر نئی دہلی کی طرف سے ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ جبکہ اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہیں۔
ادھر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی کمیشن کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکہ نے بھی مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والے چار روزہ فوجی تصادم میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کر لیا ہے۔
یہ تصادم، جو دہائیوں میں دونوں جوہری ہمسایوں کے درمیان بدترین جھڑپ تھی، بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد شروع ہوا، جس میں چھبیس سیاح ہلاک ہوئے۔ اس کا الزام نئی دہلی نے پاکستان پر لگایا، لیکن اسلام آباد نے یہ الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مؤقف''جھوٹ اور من گھڑت بیانیوں سے بھرا ہوا‘‘ہے۔
اس کے بعد بھارت نے پاکستان کے اندر حملے کیے، جس کے نتیجے میں چار دن تک شدید سرحدی جھڑپیں جاری رہیں، جن میں دونوں طرف کے کم از کم 70 افراد ہلاک ہوئے۔
بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ کے دوران سات ''بالکل نئے اور خوبصورت‘‘ طیارے مار گرائے گئے۔
امریکی کمیشن کی رپورٹ میں کیا ہے؟
امریکی کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے فرانسیسی ساختہ رفائل طیاروں کو چینی ہتھیاروں کی مدد سے مار گرایا۔ پاکستان کی بھارت پر اس فوجی کامیابی نے چینی ہتھیاروں کی کارکردگی کو نمایاں کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے لڑاکا طیاروں اور فضاء سے فضاء تک مار کرنے والے میزائلوں کا پہلی بار حقیقی جنگ میں استعمال اس وقت ہوا جب پاکستانی فورسز نے بھارت کے ساتھ چار روزہ تنازع کے دوران چینی ساختہ طیارے کامیابی سے اڑائے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے میزائل حملوں کے جواب میں پاکستان نے بھارت کے چھ لڑاکا طیارے مار گرائے۔ اسلام آباد نے تصادم کے دوران اپنے کسی طیارے کے نقصان کی تردید کی تھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ان نظاموں کے حقیقی جنگ میں آزمائے جانے کا پہلا معلوم واقعہ ہے، جو پی ایل اے کو قیمتی معلومات فراہم کرتا ہے اور ممکنہ طور پر چین کی دفاعی برآمدات کی ساکھ کو مضبوط کرتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنازع کے بعد کے ہفتوں میں چین کے سفارتخانوں نے بھارت۔پاکستان جھڑپ میں اپنے نظاموں کی کامیابیوں کو سراہا تھا، تاکہ ہتھیاروں کی فروخت میں اضافہ کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی فراہم کنندہ کے طور پر چین نے 2019 سے 2023 کے درمیان پاکستان کی مجموعی اسلحہ درآمدات کا تقریباً 82 فیصد حصہ فراہم کیا۔
امریکی رپورٹ اور بھارتی دعویٰ
امریکی کمیشن کا یہ دعویٰ بھارت کے مؤقف کی تردید کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی بارہا کہہ چکے ہیں کہ بھارت نے 'آپریشن سیندور‘ کے دوران اپنی صلاحیتیں منوائی تھیں اور چند گھنٹوں میں پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔
امریکی کمیشن نے پہلگام واقعے کو دہشت گردی کا حملہ تسلیم کرنے کے بجائے بھارت اور پاکستان کے درمیان چار روزہ تصادم کو ''بھارت کی جانب سے متنازع جموں و کشمیر کے علاقے میں 26 شہریوں کی ہلاکت والے ایک مہلک حملے کے ردِعمل سے شروع ہونے والا تنازع‘‘ قرار دیا۔
اپوزیشن کی مودی حکومت پر نکتہ چینی
بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے امریکی کانگریس کو پیش کی گئی مذکورہ رپورٹ کی سخت مذمت کی اور بھارتی وزارتِ خارجہ سے اس پر احتجاج درج کرانے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ جے رام رمیش نے ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی توڑتے ہوئے رپورٹ پر اپنا اعتراض اٹھائیں۔ انہوں نے سوال کیا، ''کیا وزیر اعظم اور وزارتِ خارجہ اپنے اعتراضات اور احتجاج درج کرائیں گے؟‘‘
رمیش نے مزید کہا کہ یہ رپورٹ ''حیران کن، ناقابلِ فہم اور بھارت کے لیے بالکل ناقابلِ قبول‘‘ ہے اور اس سے ''ہماری سفارت کاری کو ایک اور بڑا دھچکا لگا‘‘ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا ردعمل
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا کہ امریکہ کی کانگریس کو جمع کرائی گئی تازہ رپورٹ نے مئی میں بھارت کے ساتھ فوجی تصادم میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کر لیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد بار یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ پاکستان نے بھارت کے سات طیارے مار گرائے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے کہا،''پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کارکردگی نے دشمن کو، خدا کے فضل سے، گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا‘‘۔ انہوں نے اس کا کریڈٹ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو دیا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ہنگو میں آئی ای ڈی دھماکہ، معروف قبائلی رہنما حاجی عزت گل ہلاک
22/July/2026 👁️ 222 بار دیکھا گیا
باجوڑ میں دہشت گردوں نے سرکاری سکول بارودی مواد سے تباہ کردیا
22/July/2026 👁️ 275 بار دیکھا گیا
امریکہ کے ایرانی بندرگاہوں اور شہروں پر نئے فضائی حملے
22/July/2026 👁️ 178 بار دیکھا گیا
ایرانی وزیر داخلہ کی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں
22/July/2026 👁️ 156 بار دیکھا گیا
بلوچستان: مستونگ میں جھڑپوں کے دوران مسجد اور مدرسہ تباہ، تحقیقات کا مطالبہ
22/July/2026 👁️ 265 بار دیکھا گیا
حماس نے خلیل الحیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کر دیا
22/July/2026 👁️ 320 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8970 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4830 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3662 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3580 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2570 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2324 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C