12/May/2026

ایران جنگ بندی ’لائف سپورٹ‘ پر ہے، مکمل فتح حاصل کریں گے: امریکی صدر ٹرمپ

👁️ 174 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران جنگ بندی ’لائف سپورٹ‘ پر ہے، مکمل فتح حاصل کریں گے: امریکی صدر ٹرمپ

ایران جنگ بندی ’لائف سپورٹ‘ پر ہے، مکمل فتح حاصل کریں گے: امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن (نمائندہ ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی اس وقت ’لائف سپورٹ‘ پر ہے جبکہ امریکہ ایران کے خلاف ’مکمل فتح‘ حاصل کرنے جا رہا ہے۔

 

سوموار کے روز وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امریکہ کی تجاویز پر تہران کے جواب کو ’کچرا‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے بھیجے گئے جواب کو انھوں نے مکمل طور پر پڑھنا بھی مناسب نہیں سمجھا کیونکہ وہ اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے تھے۔

 

صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ بندی اس وقت انتہائی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال بالکل ایسی ہے جیسے کوئی مریض لائف سپورٹ پر ہو اور ڈاکٹر اس کے بچنے کے امکانات صرف ایک فیصد بتا رہا ہو۔

 

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران عسکری طور پر شدید نقصان اٹھا چکا ہے۔ ان کے بقول ایران کے پاس کچھ محدود فوجی صلاحیت باقی ہے جسے وہ شاید جنگ بندی کے دوران دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم امریکہ اسے ’ایک دن میں ختم‘ کر سکتا ہے۔

 

صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو نہ صرف اسرائیل بلکہ پورا مشرقِ وسطیٰ خطرے میں پڑ جائے گا، اور بعد ازاں یورپ بھی اس کی زد میں آ سکتا ہے۔

 

انھوں نے ایرانی قیادت کو ’بے ایمان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران کی قیادت بار بار اپنا مؤقف تبدیل کرتی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی مرکزی قیادت انتہائی غیر معقول تھی جبکہ اب دوسری اور تیسری سطح کی قیادت سامنے آ رہی ہے، لیکن کوئی بھی ملک کی صدارت سنبھالنے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتا۔

 

اوول آفس میں ایک اور گفتگو کے دوران امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ ایران افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو ملک سے باہر منتقل کرنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ تاہم ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے مذاکراتی ٹیم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی تجویز میں افزودہ یورینیم بیرونِ ملک منتقل کرنے کی کوئی شق شامل ہی نہیں۔

 

دوسری جانب بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کے پاس موجود افزودہ یورینیم کا ذخیرہ مکمل طور پر ختم کیے بغیر جنگ کو ختم شدہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے پروگرام ’60 منٹس‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ایران میں اب بھی ایسی افزودگی تنصیبات موجود ہیں جنھیں تباہ کرنا ضروری ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C