13/June/2026

بنوں میں دہشت گرد کمانڈر سمیت 3 افراد ہلاک، 2 لاشیں برآمد

👁️ 31 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بنوں میں دہشت گرد کمانڈر سمیت 3 افراد ہلاک، 2 لاشیں برآمد

بنوں میں دہشت گرد کمانڈر سمیت 3 افراد ہلاک، 2 لاشیں برآمد

بنوں (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مختلف واقعات کے دوران مبینہ دہشت گرد کمانڈر کے قریبی ساتھی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ ڈومیل لنک روڈ سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

 

پولیس اور مقامی امن کمیٹی کے مطابق شاہد ولد میر خاتم نامی شخص کنگر پل کے قریب ہلاک پایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد مبینہ دہشت گرد کمانڈر اختر محمد گروپ کا قریبی ساتھی اور سہولت کار تھا۔ تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

 

دوسری جانب بنوں کے ڈومیل لنک روڈ سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن کی شناخت ازی مرجان اور پرویز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں افراد کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد ہلاک کیا گیا۔

 

پولیس نے تینوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم اور فرانزک معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعات کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ہلاکتوں کے محرکات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

 

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں سرچ آپریشن کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔

 

حالیہ واقعات کے بعد ضلع بنوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ بنوں اور اس کے گرد و نواح میں حالیہ مہینوں کے دوران دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C