27/June/2026

بنوں میں نجی ایمبولینس پر فائرنگ، چار افراد ہلاک

👁️ 10 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بنوں میں نجی ایمبولینس پر فائرنگ، چار افراد ہلاک

بنوں میں نجی ایمبولینس پر فائرنگ، چار افراد ہلاک

بنوں (ڈیلی اردو)  پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک نجی ایمبولینس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نجی ایمبولینس سی پیک سرکلر روڈ سے ہوید خوجڑی روڈ کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔

 

فائرنگ کے نتیجے میں ایمبولینس میں سوار چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں قانونی کارروائی جاری ہے۔

 

پولیس کے مطابق ہلاک افراد کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھیں، جس کے باعث ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شناخت مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔

 

ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے واقعے کو ممکنہ طور پر دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے، تاہم حتمی نوعیت اور محرکات کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

 

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C