17/November/2025

خیبر، باجوڑ، بنوں اور لکی مروت میں دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں، اہم کمانڈر سمیت متعدد ہلاک

👁️ 271 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
خیبر، باجوڑ، بنوں اور لکی مروت میں دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں، اہم کمانڈر سمیت متعدد ہلاک

خیبر، باجوڑ، بنوں اور لکی مروت میں دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں، اہم کمانڈر سمیت متعدد ہلاک

اسلام آباد (نمائندگان ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز، پولیس اور مقامی شہریوں کی مشترکہ کوششوں سے دہشتگردی کے خلاف اہم کارروائیاں کی گئیں، جن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک اہم کمانڈر ہلاک ہوا، افغان دہشتگرد مارا گیا، ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا جبکہ لکی مروت میں گیس پائپ لائن تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

 

خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اہم کمانڈر ابوذر امارتی ہلاک

 

تحصیل باڑہ کے علاقے اکاخیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے مقامی کمانڈر ابوذر امارتی کو ہلاک کر دیا۔

 

ذرائع کے مطابق ابوذر چند روز قبل ایک کارروائی میں زخمی ہوا تھا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ علاج کے لیے خفیہ طور پر منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ ہو گیا۔

 

فائرنگ کے تبادلے میں ابوذر امارتی اور اس کے ساتھی ہلاک ہوئے۔ اسے ٹی ٹی پی نے تحصیل باڑہ کا کمانڈر مقرر کر رکھا تھا اور چند روز قبل وہ ایک کھیل کے میدان میں بھی دیکھا گیا تھا۔

 

باجوڑ: کارروائی کے دوران افغان دہشتگرد مہاجر کوچائی ہلاک

 

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں محمد بلال ابو بکر المعروف مہاجر کوچائی ہلاک ہو گیا، جو کابل صوبے کے ضلع قرہ باغ کے چاکو گاؤں کا رہائشی تھا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مہاجر کوچائی کا تعلق شدت پسند گروہ کاروانِ سیفُ العُمر سے تھا اور وہ کچھ عرصہ قبل باجوڑ میں منتقل ہوا تھا۔ اس سے قبل اسے لوئر دیر میں بھی دیکھا جا چکا تھا۔

 

مہاجر سوشل میڈیا پر بھی کافی فعال تھا اور اپنے تنظیمی ویڈیو پیغامات باقاعدگی سے شیئر کرتا تھا۔

 

فورسز نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور مواصلاتی مواد برآمد کر لیا۔

 

بنوں: پولیس اور شہریوں کی فوری کارروائی، دہشتگرد گرفتار

 

بنوں کے علاقے لنڈی ڈک میں عوام اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشتگرد نواب کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مشکوک سرگرمی کی اطلاع مقامی شہریوں نے دی جس پر فوری ردِعمل دیتے ہوئے کارروائی کی گئی۔ گرفتار ملزم کو پولیس چوکی شیخ لنڈی ڈک منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

 

لکی مروت: دہشتگردوں نے گیس پائپ لائن بارودی مواد سے اڑا دی

 

لکی مروت کی تحصیل شہبار خیل میں دہشتگردوں نے پنجاب جانے والی اہم گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کر دیا۔ واقعہ تھانہ شہناز خیل کی حدود میں شیری خیل کے قریب پیش آیا۔

 

دھماکے سے گیس سپلائی معطل ہو گئی اور علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ متعلقہ محکموں نے مرمت کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C