سفارتی معاہدہ نہ ہونے پر ایران کے خلاف دباؤ جاری رکھنے کا جی سیون کا اعلان
👁️ 83 بار دیکھا گیا
سفارتی معاہدہ نہ ہونے پر ایران کے خلاف دباؤ جاری رکھنے کا جی سیون کا اعلان
پیرس (ڈیلی اردو) جی سیون ممالک نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام اور علاقائی سلامتی سے متعلق خدشات کا سفارتی حل نہ نکلنے کی صورت میں تہران کے خلاف اقتصادی اور سیاسی دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔ گروپ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری سرگرمیوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون بحال کرے۔
9 اور 10 نومبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ رکن ممالک ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی تحفظات دور کرنے اور خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ اعلامیے میں اس مؤقف کا اعادہ کیا گیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
جی سیون نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں غیر ریاستی مسلح گروہوں کی حمایت بند کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ان قراردادوں کے تحت بحال کی گئی پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنائے جو ستمبر 2025 میں ایران کے خلاف دوبارہ نافذ کی گئی تھیں۔ اعلامیے میں دیگر ممالک پر بھی زور دیا گیا کہ وہ ان پابندیوں پر عمل درآمد کریں۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جی سیون نے ایران سے تجارتی اور شہری جہازوں کے خلاف حملے روکنے اور عالمی بحری آمدورفت میں رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ اور بلا رکاوٹ گزرنے کا حق برقرار رہنا چاہیے اور کسی قسم کے ٹیکس، فیس یا غیر قانونی پابندیوں کے ذریعے بحری جہازوں کی آمدورفت محدود نہیں کی جانی چاہیے۔
اجلاس میں فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں ایک کثیر ملکی دفاعی اقدام کی حمایت بھی کی گئی، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے اور سمندری راستے سے بارودی سرنگیں ہٹائے جانے کی تصدیق میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اعلامیے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے اور شہری جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی سرگرمیوں کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
یوکرین جنگ کے معاملے پر جی سیون نے یوکرین کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے روس اور یوکرین کے درمیان مکمل، جامع اور باہمی جنگ بندی پر زور دیا۔ گروپ نے توانائی کی تنصیبات اور بحیرہ اسود میں حملے روکنے کو پائیدار امن کی جانب اہم ابتدائی قدم قرار دیا اور کہا کہ یورپ کی سلامتی کے مستقبل سے متعلق مذاکرات میں یورپی ممالک کی شمولیت ضروری ہے۔
اعلامیے میں روس کو فوجی معاونت فراہم کرنے پر ایران اور شمالی کوریا جبکہ ہتھیاروں سے متعلق مواد اور دوہرے استعمال کی اشیا کی فراہمی پر چین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ جی سیون نے روس کی جنگی معیشت پر دباؤ بڑھانے اور یوکرین کو فضائی دفاعی نظام، عسکری صلاحیتوں اور موسم سرما میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مالی و مادی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یمن کے حوالے سے گروپ نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران نواز حوثی باغیوں کو اسلحہ اور دیگر معاونت فراہم کرنا بند کرے۔ اعلامیے میں سعودی عرب اور یمن میں حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان سے فوجی کارروائیاں روکنے اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
جی سیون میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں، جبکہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ نمائندے نے بھی پیرس اجلاس میں شرکت کی۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں ناصر اسپتال کا جراحی وارڈ تباہ، ڈاکٹر سمیت 6 فلسطینی ہلاک، 30 زخمی
12/November/2026 👁️ 63 بار دیکھا گیا
سفارتی معاہدہ نہ ہونے پر ایران کے خلاف دباؤ جاری رکھنے کا جی سیون کا اعلان
12/November/2026 👁️ 83 بار دیکھا گیا
حوثیوں کا سعودی عرب کے شہر ینبع میں تیل کی پمپنگ تنصیب پر ڈرون حملے کا دعویٰ
12/November/2026 👁️ 84 بار دیکھا گیا
یورپ کے ہزاروں اسکولوں کو بم کی دھمکیاں، اٹلی میں 300 سے زائد تعلیمی ادارے خالی، برطانیہ اور آئرلینڈ بھی متاثر
11/November/2026 👁️ 80 بار دیکھا گیا
چھوٹے ہتھیاروں پر مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ ہونی چاہیے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
11/November/2026 👁️ 78 بار دیکھا گیا
بھارت کے زیر انتظام کشمیر: کولگام میں سی آر پی ایف کی چیک پوسٹ پر مسلح حملہ، 3 اہلکار زخمی
11/November/2026 👁️ 84 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26460 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15688 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11988 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9364 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7630 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5621 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C