عراق کی تاریخی النوری مسجد آٹھ سال بعد دوبارہ کھول دی گئی
👁️ 406 بار دیکھا گیا
عراق کی تاریخی النوری مسجد آٹھ سال بعد دوبارہ کھول دی گئی
بغداد (ڈیلی اردو/اے پی/ڈی پی اے) عراقی شہر موصل کی تاریخی النوری مسجد داعش کے ہاتھوں انہدام کے آٹھ سال بعد اور اپنی تعمیر نو کی تکمیل پر پیر یکم ستمبر کو باقاعدہ طور پر دوبارہ کھول دی گئی۔ اس تقریب کی صدارت عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے کی۔
عراقی دارالحکومت بغداد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق موصل شہر کے قدیمی حصے میں یہ مسجد اپنے ایک طرف کو جھکے ہوئے مینار کے ساتھ تقریباﹰ 850 سال تک دنیا بھر میں نہ صرف مشہور تھی بلکہ موصل شہر کی خاص علامت بھی سمجھی جاتی تھی۔
2014ء میں جب دہشت گرد تنظیم 'دولت اسلامیہ‘ یا 'اسلامک اسٹیٹ‘ کے رہنما ابوبکر البغدادی نے عراق اور شام کے وسیع تر علاقوں پر قبضے کے بعد اپنی قیادت میں ایک نام نہاد 'خلافت‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا، تو یہ اعلان انہوں نے اسی النوری مسجد میں نماز جمعہ کی قیادت کرتے ہوئے اپنے خطبے میں کیا تھا۔
پھر جب 2017ء میں 'اسلامک اسٹیٹ‘ یا مختصراﹰ داعش کہلانے والی اس تنظیم کے جنگجوؤں کو عراقی دستوں کے خلاف جنگ میں شکست کا سامنا تھا، تو انہوں نے اس مسجد کی عمارت کے اندر بارودی مواد رکھ کر اسے دھماکے سے تباہ کر دیا تھا۔
موصل کی النوری مسجد کے انہدام اور پھر داعش کی عسکری شکست کے بعد کے برسوں میں اس تاریخی مسلم عبادت گاہ کی تعمیر کے کام میں اقوام متحدہ کے ثقافتی، تعلیمی اور سائنسی ادارے یونیسکو نے بھرپور تعاون کیا۔
اس عمل میں یونیسکو کو عراق کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے قومی ادارے اور سنی مذہبی حکام کا تعاون بھی حاصل رہا۔ اس مسجد کے ایک طرف کو جھکے ہوئے مینار سمیت اس کی تعمیر نو کا عمل روایتی طرز تعمیر اور تعمیراتی سامان استعمال کرتے ہوئے مکمل کیا گیا۔ اس دوران اس مواد کو بھی دوبارہ استعمال کیا گیا، جو انہدام کے بعد اس مسجد کے ملبے سے نکال کر محفوظ کر لیا گیا تھا۔
النوری مسجد کی تعمیر نو کے لیے یونیسکو نے مجموعی طور پر 115 ملین ڈالر کی خطیر رقم جمع کی، جس کا بڑا حصہ خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات اور یورپی یونین کی طرف سے مہیا کیا گیا تھا۔
پیر یکم ستمبر کو النوری مسجد کے باضابطہ طور پر دوبارہ کھولے جانے کی تقریب کی صدارت عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے کی، جنہوں نے اس موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ''یہ مسجد ہمیشہ ایک سنگ میل رہے گی، عراقی عوام کے عزم اور بہادری کے تمام دشمنوں کو یہ یاددہانی کراتے ہوئے کہ عراقی عوام اپنے ملک کا تحفظ کر سکتے ہیں اور وہ سچائی کو مبہم کر کے پس منظر میں ڈال دینے کے خواہش مند جملہ عناصر کی طرف سے تباہ کر دی گئی ہر شے کو پوری طرح دوبارہ تعمیر کرنے کا عزم اور حوصلہ رکھتے ہیں۔‘‘
عراقی وزیر اعظم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ عراقی حکومت اور عوام اپنی ثقافت، تاریخی نوادرات اور آثار قدیمہ کے تحفظ کی انتھک کوششیں جاری رکھیں گے۔
عراق اور شام کے وسیع تر علاقوں پر قبضے کے بعد داعش کے عسکریت پسندوں نے اسلام کی اپنی ہی تشریح کے نام پر اپنے زیر اثر خطے میں جو 'خلافت‘ قائم کی تھی، اس کا رقبہ اپنے نقطہ عروج پر یورپی ملک برطانیہ کے مجموعی رقبے کے تقریباﹰ نصف کے برابر تک پہنچ گیا تھا۔
اس شدت پسند تنظیم نے، جسے دنیا کے بہت سے ممالک نے دہشت گرد قرار دے رکھا تھا، اپنے زیر اثر علاقوں میں بےمثال بربریت کا مظاہرہ کیا تھا۔ داعش کے جنگجو عام شہریوں کے سرقلم کر دیتے تھے اور خواتین کو غلام بنا لیتے تھے۔ انہوں نے ایسا خاص طور پر عراق کی قدیم ترین مذہبی برادریوں میں شمار ہونے والی ایزدی کمیونٹی کی ہزارہا خواتین کے ساتھ بھی کیا تھا، جنہیں غلام بنا کر ان کا ریپ کیا جاتا تھا۔
موصل میں تعمیر نو اور بحالی کے عمل کے دوران صرف تاریخی النوری مسجد ہی نئے سرے سے تعمیر نہیں کی گئی بلکہ ساتھ ہی اسی شہر میں کئی ایسے چرچ بھی دوبارہ تعمیر کیے گئے ہیں، جنہیں داعش کے عسکریت پسندوں نے منہدم کر دیا تھا۔ النوری مسجد کی طرح یہ چرچ بھی اب دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
موصل میں کافی تعداد میں عراقی مسیحی باشندے بھی آباد تھے مگر داعش کے عروج کے دور سے پہلے کے مقابلے میں اب وہاں مقامی مسیحی آبادی قدرے کم ہو چکی ہے۔
عراقی وزیر اعظم السودانی کے بقول حکومت موصل شہر کی تاریخی مسیحی میراث کی بھی مکمل بحالی کی خواہش مند ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ایران کو کسی بھی خطرے کا فوری اور جغرافیائی حدود سے آزاد جواب دیا جائے، مجتبیٰ خامنہ ای کی مسلح افواج کو ہدایت
31/October/2026 👁️ 1 بار دیکھا گیا
شمالی وزیرستان ، لکی مروت میں مبینہ کواڈ کاپٹر حملے، ایک شخص ہلاک، متعدد مکانات کو نقصان
31/October/2026 👁️ 33 بار دیکھا گیا
اورکزئی : پولیس کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکار زخمی
31/October/2026 👁️ 40 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
31/October/2026 👁️ 39 بار دیکھا گیا
عراق: کرکوک میں داعش کی مبینہ کارروائی گاؤں میں داخل ہو کر شہری کو اغوا کرلیا
31/October/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
عراق میں داعش سے تعلق کے الزام میں مزید 3 فرانسیسی شہریوں کو عمر قید، ایک ہفتے میں سزا پانے والوں کی تعداد 10 ہوگئی
31/October/2026 👁️ 92 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26413 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15649 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11953 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9316 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7569 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5546 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C