28/November/2026

پشاور ہائیکورٹ کا وادی تیراہ میں سکیورٹی آپریشنز کے خلاف تینوں درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ

👁️ 101 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پشاور ہائیکورٹ کا وادی تیراہ میں سکیورٹی آپریشنز کے خلاف تینوں درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ

پشاور ہائیکورٹ کا وادی تیراہ میں سکیورٹی آپریشنز کے خلاف تینوں درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ

پشاور (ڈیلی اردو) پشاور ہائیکورٹ نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور مقامی آبادی کی نقل مکانی کے خلاف دائر تینوں آئینی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ قومی دفاع، داخلی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور ریاستی تحفظ سے متعلق فیصلے آئین کے تحت انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

جسٹس نعیم انور پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے بینچ نے 21 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت عدالتی اختیار استعمال کرتے ہوئے عدالت انتظامیہ کی جگہ نہیں لے سکتی اور نہ ہی قومی سلامتی سے متعلق پالیسی فیصلوں میں انتظامیہ کی صوابدید کو اپنی رائے سے تبدیل کر سکتی ہے۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ قومی دفاع، خارجہ پالیسی، داخلی سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں آئینی طور پر انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایسے معاملات میں بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ عدالتی نگرانی سے بالاتر ہو جاتا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں عدلیہ اور انتظامیہ کے آئینی اختیارات کی حدود کو بھی واضح کیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سکیورٹی آپریشنز کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے اور کارروائیوں کے دوران ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

عدالت نے وادی تیراہ سے متاثرہ اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی امداد، مالی معاونت اور بحالی کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ فوجی یا سکیورٹی کارروائی کے دوران شہریوں کی ہلاکت یا املاک کو نقصان پہنچنے کا واقعہ بذات خود پوری کارروائی کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے کافی نہیں، بلکہ کسی بھی کارروائی کی قانونی حیثیت کا تعین متعلقہ آئینی اور قانونی ضوابط کی روشنی میں کیا جائے گا۔

عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت متعلقہ اداروں کو مشورہ دیا کہ تمام فریقین کی مشاورت سے ایک جامع قانونی نظام تشکیل دینے پر غور کیا جائے، جس میں سکیورٹی آپریشنز سے متاثرہ شہریوں کے تحفظ، جانی و مالی نقصانات کے ازالے، معاوضوں کی ادائیگی اور متاثرہ خاندانوں کی باعزت بحالی کے لیے واضح طریقہ کار وضع کیا جائے۔

فیصلے میں آئین کے آرٹیکلز 9، 19-A اور 24 کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی، جو بالترتیب زندگی اور شخصی تحفظ، معلومات تک رسائی اور جائیداد کے حقوق سے متعلق ہیں۔

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ تینوں درخواستیں مسترد ہونے کے باوجود متاثرہ شہریوں کے قانونی حقوق ختم نہیں ہوتے اور وہ اپنے حقوق کے تحفظ یا کسی نقصان کے ازالے کے لیے متعلقہ قانونی فورمز سے رجوع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے اس فیصلے میں ایک جانب قومی سلامتی اور انسداد دہشتگردی سے متعلق انتظامیہ کے آئینی اختیارات کی وضاحت کی گئی ہے تو دوسری جانب سکیورٹی کارروائیوں سے متاثرہ شہریوں کے تحفظ، معاوضے اور بحالی کی ریاستی ذمہ داری پر بھی زور دیا گیا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C