28/November/2026

گجرات میں فضائی اڈے پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی، 22 سالہ نوجوان گرفتار، جیش محمد سے مبینہ روابط

👁️ 66 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
گجرات میں فضائی اڈے پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی، 22 سالہ نوجوان گرفتار، جیش محمد سے مبینہ روابط

گجرات میں فضائی اڈے پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی، 22 سالہ نوجوان گرفتار، جیش محمد سے مبینہ روابط

شری بھومی (ڈیلی اردو) بھارت کی ریاست گجرات میں انسدادِ دہشت گردی کے محکمے (اے ٹی ایس) نے پاکستان میں قائم کالعدم تنظیم جیش محمد سے مبینہ روابط اور بڑودہ میں بھارتی فضائیہ کے اہم اڈے کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں آسام سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان محمد سہاروُل اسلام کبیرالدین کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ تفتیش کے سلسلے میں اے ٹی ایس کی ٹیم آسام کے ضلع شری بھومی پہنچ گئی ہے اور گرفتار نوجوان کے والد سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سہاروُل اسلام کا تعلق آسام کے ضلع شری بھومی کے علاقے راتاباری کے گاؤں ٹونگی باری سے ہے۔ اسے جمعرات 26 نومبر کی رات گجرات کے شہر بڑودہ کے قریب ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گجرات اے ٹی ایس کا دعویٰ ہے کہ نوجوان مبینہ طور پر جیش محمد کے ایک پاکستانی ہینڈلر کے رابطے میں تھا اور اسے ریاست میں اہم سکیورٹی تنصیبات پر حملے کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

گجرات اے ٹی ایس کے مطابق ملزم کی گرفتاری خفیہ معلومات، انسانی ذرائع اور تکنیکی نگرانی کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے قبضے سے اے کے 47 سے مشابہ خودکار رائفل، دو خالی میگزین، 23 زندہ کارتوس، جیش محمد کا جھنڈا، دو موبائل فون، سم کارڈز اور تقریباً 20 ہزار بھارتی روپے برآمد ہوئے۔

تحقیقاتی حکام کے دعوے کے مطابق ملزم کے موبائل فونز سے بڑودہ ایئر فورس اسٹیشن اور دیگر حساس تنصیبات کی تصاویر اور ویڈیوز، گوگل میپس کے اسکرین شاٹس، نگرانی سے متعلق مواد اور خودکار رائفل چلانے کی تربیتی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔ بعض تصاویر میں حساس تنصیبات کے داخلی راستوں پر سرخ کراس کے نشانات لگے ہوئے تھے، جنہیں تفتیشی حکام نے مبینہ اہداف سے متعلق قرار دیا ہے۔

اے ٹی ایس حکام کا دعویٰ ہے کہ سہاروُل اسلام پاکستان میں موجود جیش محمد کے مبینہ ہینڈلر مفتی رفیق عرف ابن عبداللہ سے رابطے میں تھا۔ حکام کے مطابق اسے نئے موبائل فونز کی خریداری اور مبینہ کارروائی کے لیے انتظامات کرنے کی غرض سے 50 ہزار بھارتی روپے فراہم کیے گئے تھے۔ تفتیشی ادارے اس رقم کی منتقلی، اسلحے کے حصول اور ملزم کے ممکنہ مقامی معاونین کے کردار کا جائزہ لے رہے ہیں۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ملزم کو 14 روزہ ریمانڈ پر اے ٹی ایس کے حوالے کیا گیا ہے، جو 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔ تفتیشی حکام اس دوران اسلحے کے ذریعے، مبینہ ہینڈلر سے رابطوں اور اس منصوبے میں کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کے امکانات کی جانچ کریں گے۔

دوسری جانب آسام پولیس کے مطابق سہاروُل اسلام 20 نومبر سے گھر سے غائب تھا۔ اس کے والد کبیرالدین نے 26 نومبر کو راتاباری تھانے میں بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع درج کرائی تھی۔ گرفتاری کی اطلاع ملنے کے بعد گجرات اے ٹی ایس کی تین رکنی ٹیم آسام پہنچی اور مقامی پولیس کے ہمراہ ٹونگی باری گاؤں میں ملزم کے گھر کی تلاشی لی۔ حکام کے مطابق گھر کی تلاشی آٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہی، جبکہ ملزم کے والد کو مزید پوچھ گچھ کے لیے تھانے بلایا گیا۔ گھر سے ملنے والے مواد کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سہاروُل اسلام کچھ عرصہ اتر پردیش کے شہر دیوبند میں ایک مدرسے میں زیر تعلیم رہا تھا، تاہم تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد تعلیم مکمل کیے بغیر واپس آسام آگیا تھا۔ حکام اب اس کے تعلیمی دورانیے، سفر، سوشل میڈیا رابطوں اور مبینہ نیٹ ورک سے تعلقات کی چھان بین کر رہے ہیں۔

گجرات اے ٹی ایس نے ملزم کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے)، بھارتیہ نیائے سنہتا اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا اس مبینہ منصوبے میں مزید افراد یا مقامی سہولت کار بھی شامل تھے۔


 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C