02/November/2026

یوکرین میں جوہری حملے کی جعلی وارننگز، فضائی الرٹ ایپ ہیک ہونے کا انکشاف

👁️ 51 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
یوکرین میں جوہری حملے کی جعلی وارننگز، فضائی الرٹ ایپ ہیک ہونے کا انکشاف

یوکرین میں جوہری حملے کی جعلی وارننگز، فضائی الرٹ ایپ ہیک ہونے کا انکشاف

کیف(ڈیلی اردو) یوکرین میں فضائی حملوں سے خبردار کرنے والی سرکاری ایپ میں سائبر مداخلت کے باعث شہریوں کو جوہری اور کیمیائی حملوں سمیت سڑکوں پر لڑائی چھڑنے سے متعلق جعلی الرٹس موصول ہوئے، جس سے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ یوکرینی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کو کسی جوہری یا تابکاری کے خطرے کا سامنا نہیں تھا۔

یہ واقعہ اتوار کی رات پیش آیا، جب شہریوں کے موبائل فونز پر روسی زبان میں متعدد غیر معمولی پیغامات موصول ہوئے۔ ایک پیغام میں دعویٰ کیا گیا کہ یوکرین بھر میں جوہری حملے کا خطرہ ہے، جبکہ ایک دوسرے پیغام میں روسی ہائپرسونک میزائل ’’اوریژنک‘‘ کے یوکرین کی جانب آنے کا ذکر کیا گیا۔ بعض علاقوں میں کیمیائی حملے اور سڑکوں پر جھڑپوں سے متعلق انتباہات بھی جاری ہوئے۔

یوکرینی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بظاہر دشمن کی جانب سے فضائی الرٹ ایپ کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ملک میں کوئی تابکاری کا خطرہ موجود نہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور معلومات کے لیے فضائیہ کے سرکاری ٹیلیگرام چینل سے رجوع کریں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوکرین کی وزارتِ ڈیجیٹل تبدیلی نے بتایا کہ متاثرہ ایپ کو عارضی طور پر غیر فعال کیا گیا، تاہم شہریوں کو خبردار کرنے کے دیگر ذرائع اور سائرن کا نظام کام کرتا رہا۔ حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ دارالحکومت کیف کے لیے استعمال ہونے والی الگ الرٹ ایپ اس واقعے سے متاثر نہیں ہوئی۔

یوکرینی حکام نے شہریوں کو ممکنہ جعل سازی سے بھی خبردار کیا اور کہا کہ جعلی انتباہات کے ساتھ بھیجے گئے مشتبہ لنکس پر کلک نہ کیا جائے، کیونکہ سائبر حملے کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد جعلی پیغامات ایپ سے ہٹا دیے گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے مرکز برائے تزویراتی ابلاغ نے اس سائبر حملے کا الزام روس پر عائد کیا، تاہم حملے کے ذمہ داروں کی شناخت سے متعلق کوئی تکنیکی شواہد عوامی سطح پر پیش نہیں کیے گئے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پیر کی صبح روس کی وزارتِ ہنگامی حالات نے بھی اپنی موبائل ایپ پر بڑے سائبر حملے اور اس کے ذریعے عوام میں غلط معلومات پھیلائے جانے کی اطلاع دی۔ رائٹرز کے مطابق روسی حکام ایپ کی بحالی کے لیے کام کر رہے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یوکرین اور روس میں پیش آنے والے دونوں سائبر واقعات کا آپس میں کوئی تعلق تھا یا نہیں۔

یوکرین میں فضائی حملوں کے انتباہات کا نظام شہریوں کو روسی میزائلوں اور ڈرون حملوں سے بروقت خبردار کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس نظام میں مداخلت کو شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے ایک سنگین معاملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C