احمد نورانی کی رپورٹنگ، فوجی قیادت برہم، مشکلات خاندان کیلئے؟
👁️ 203 بار دیکھا گیا
احمد نورانی کی رپورٹنگ، فوجی قیادت برہم، مشکلات خاندان کیلئے؟
برلن (ڈیلی اردو/ڈی ڈبلیو) پاکستان میں ایک صحافی کے دو بھائیوں کو لاپتہ کر دیا گیا۔ واقعہ اس صحافی کی طرف سے فوجی قیادت سے متعلق ایک متنازعہ خبر چھاپنے کے بعد پیش آیا۔ صحافتی حلقے کہتے ہیں کہ کسی کی خبر کی وجہ سے اس خاندان کو سزا دینا درست نہیں۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستانی صحافی احمد نورانی نے، جو اس وقت امریکہ میں مقیم ہیں،پاکستان کے آرمی چیف اور ان کے خاندان کے بارے ایک رپورٹ شائع کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہیں، ان کے اثر و رسوخ کی وجہ سے ایسے فوائد حاصل ہوئے جو قانونی نہیں تھے۔ کچھ حلقوں نے اس خبر کو آرمی چیف اور ان کے خاندان کو بدنام کرنے کا موقع جانا، جبکہ معاشرے کے ایک طبقے نے صحافی کو خبر کے ساتھ آرمی چیف کے خاندان کی تصاویر اور تفصیلات شائع کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
اس رپورٹ کے ”فیکٹ فوکس‘‘ نامی ویب سائٹ پر شائع ہونے کے دو دن بعد، جس کے لیے مذکورہ صحافی کام کرتے ہیں، ان کے دو بھائیوں کو زبردستی اسلام آباد میں واقع ان کے گھر سے اٹھا لیا گیا، جہاں ان کی والدہ، بہن اور دو بھائی مقیم تھے۔ اس وقت کوئی بھی ادارہ احمد نورانی کے بھائیوں کو گرفتار یا اٹھا لے جانے کی ذمہ داری قبول نہیں کر رہا۔
بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
صحافی احمد نورانی کی والدہ نے اپنے دونوں بیٹوں سیف الرحمان اور محمد علی کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ یہ درخواست آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی ہے اور اس میں وفاقی حکومت، وزارت دفاع ، اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سید علی ناصر رضوی اور وفاقی دارالحکومت کے نون پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صحافی احمد نورانی کے بھائیوں کے ”اغوا‘‘ کے حقائق اور حالات، نیز جس طریقے سے یہ کارروائی کی گئی، یہ ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ریاستی جبر کے تحت ایک جبری گمشدگی ہے، جو انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ذریعے انجام دی گئی۔ مزید کہا گیا ہے کہ دونوں افراد انجینئر ہیں اور ان کا نورانی کی رپورٹنگ یا تحقیقی صحافت سے کوئی تعلق نہیں۔
درخواست کے مطابق یہ بات واضح ہے کہ ان کے بیٹوں کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے، جو ان کے امریکہ میں مقیم بیٹے احمد نورانی کی صحافت کو خاموش کرانے کے لیے ایک واضح انتقامی کارروائی ہے۔
اغواکاروں کا حلیہ کیسا تھا؟
احمد نورانی کی بہن سائرہ بشیر کے مطابق، تقریبا دس افراد آدھی رات کو زبردستی ان کے گھر میں گھسے۔ ان افراد میں سے کچھ سول کپڑوں میں تھے اور کچھ نے گہرے رنگ کی وردی اور اس پر بلٹ پروف جیکٹ پہنی ہوئی تھی جس پر ‘پولیس‘ لکھا ہوا تھا۔ سائرہ بشیر کا کہنا ہے کہ ان افراد نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی، موبائل فون چھینے اور ان کے بھائیوں کو اغوا کر کے لے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران انہوں نے کئی بار پوچھا کہ وہ کون ہیں اور ایسا کیوں کر رہے ہیں، جس پر ان میں سے ایک نے جواب دیا، ”تمہیں معلوم ہے کہ ہم یہاں کیوں آئے ہیں‘‘ اور اپنی جیکٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ”کیا تم نہیں پڑھ سکتیں کہ ہم کون ہیں؟‘‘ تاہم، انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا کہ وہ کس ادارے سے تعلق رکھتے ہیں۔
سائرہ بشیر نے یہ بھی بتایا کہ باہر ان کے ہمسائے میں کیمرے لگے ہوئے ہیں جنہوں نے آنے والے لوگوں کو ریکارڈ بھی کیا لیکن پولیس یا کسی اور کے خوف کی وجہ سے ان کے ہمسائے وہ وڈیو انہیں دینے سے معذرت کا اظہار کر رہے ہیں: ”یہ بات بھی یقینی نہیں کہ اب وہ وڈیوز ان کے پاس موجود بھی ہیں کہ نہیں۔‘‘
اسلام آباد پولیس کے ترجمان محمد تقی جواد کا ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کا کسی اغوا اور اس کے بعد ہونے والے کسی واقع سے کوئی تعلق نہیں اور وہ معاملات کو دیکھ رہے ہیں لیکن ابھی وہ کسی کے بارے کچھ نہیں کہ سکتے۔
عدالتی کارروائی میں تاخیر
درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری کا، جو ایک معروف انسانی حقوق کی کارکن بھی ہیں، کہنا ہے کہ باوجود اس کے کہ نورانی کے دو بھائیوں کے لیے حبسِ بے جا کی درخواست 19 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی، اسے اب تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا: ”یہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک غیرمعمولی صورتحال ہے جہاں ایک حبسِ بے جا کا معاملہ، سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا رہا، جس میں واضح عجلت درکار ہے اور بنیادی حقوق داؤ پر لگے ہوئے ہیں۔‘‘
ایمان مزاری نے مزید کہا کہ اگر عدالتیں واقعی ارادہ رکھتی ہوں اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہ ہو تو وہ بازیابی یقینی بنا سکتی ہیں۔
صحافتی حلقے کیا کہتے ہیں؟
صحافتی حلقوں کا ماننا ہے کہ کسی صحافی کی اسٹوری کی وجہ سے، بھلے اسے متنازعہ بھی مان لیا جائے، اس کے گھر کے افراد کو ہراساں کرنا کسی طور پر قابل قبول نہیں۔ تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک نیا رجحان ابھر رہا ہے جس میں صحافیوں کے کام کی وجہ سے ان کے خاندانوں کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے: ”اگرچہ پہلے بھی جب صحافیوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا تھا تو ان کے خاندان بھی متاثر ہوتے تھے، لیکن یہ نیا طریقہ بالکل پولیس جیسا ہے جو ایسے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے لیے مشہور ہے، اور یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ نورانی کے بھائیوں کو شاید اس خبر کے بارے میں کوئی علم بھی نہ ہو، نہ ہی انہوں نے اس میں کوئی کردار ادا کیا، پھر بھی وہ اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔‘‘
زیادہ ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت
عمر چیمہ نے یہ بھی کہا کہ صحافیوں کو بھی زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ صرف صحافیوں کے ہی حقوق نہیں ہوتے بلکہ جن کے بارے میں وہ خبریں لکھتے ہیں، ان کے بھی حقوق ہوتے ہیں: ”رپورٹنگ کے دوران ہمیں ہمیشہ حقائق کو دو بار جانچنا چاہیے۔ احمد نورانی ایک اچھے صحافی ہیں، اور انہیں بھی مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘‘
ان کے بقول اس حالیہ واقعے میں آرمی چیف کے خاندان کی تصاویر شائع کرنا بھی شامل ہے، اور صحافیوں کو سب کے پرائیویسی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔ تاہم، ”جو بھی معاملہ ہو، نورانی کے اغوا شدہ بھائیوں کا اپنے بھائی کے پیشے سے کوئی تعلق نہیں، اور اب تو اغوا کاروں کو وہ جس ادارے سے بھی ہیں یہ بات زیادہ واضح ہو چکی ہوگی، اس لیے انہیں فوراً رہا کر دینا چاہیے۔‘‘
ڈی ڈبلیو نے اس معاملے کے بارے میں فوج کا مؤقف جاننے کے لیے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے رابطہ کیا، تاہم اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
اردن میں ایرانی حملوں کے دوران دو امریکی فوجی ہلاک، متعدد زخمی، ایک لاپتہ
19/July/2026 👁️ 241 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں 9 فلسطینی ہلاک
19/July/2026 👁️ 177 بار دیکھا گیا
بنوں میں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز جاری، مزید 3 دہشت گرد ہلاک، سرچ آپریشن میں 28 مشتبہ افراد گرفتار
19/July/2026 👁️ 146 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک
19/July/2026 👁️ 159 بار دیکھا گیا
ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک
19/July/2026 👁️ 153 بار دیکھا گیا
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں سے پاکستان کے براہ راست متاثر ہونے کا خدشہ
18/July/2026 👁️ 296 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8958 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4804 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3567 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3167 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2562 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2316 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C