29/November/2025

افغانستان سے جنگ بندی کے بعد بھی پاکستان میں کئی حملے ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ

👁️ 174 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
افغانستان سے جنگ بندی کے بعد بھی پاکستان میں کئی حملے ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ

افغانستان سے جنگ بندی کے بعد بھی پاکستان میں کئی حملے ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) ترجمان پاکستانی دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ واضح کر دوں کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر یا جنگ بندی سے مراد وہ روایتی جنگ بندی نہیں ہے جو دو متحارب ریاستوں کے درمیان جنگ یا تنازع کی صورت میں نافذ ہوتی ہے۔‘

 

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر سے متعلق ہونے والے ایک سوال کے جواب میں طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کا مطلب یہ تھا کہ افغانستان کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ پاکستان میں حملے نہیں کریں گے۔‘

 

اُن کا کہنا تھا کہ ’اس سیز فائر کے بعد بڑے دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں۔ لہٰذا اگر اس تناظر میں دیکھا جائے تو سیز فائر برقرار نہیں ہے، کیونکہ جنگ بندی کا مطلب ٹی ٹی پی، ایف اے کے اور افغان سرزمین استعمال کرنے والے افغان شہریوں کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گرد حملوں کا رک جانا تھا۔‘

 

ترجمان پاکستانی دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ ’چنانچہ اگر افغان شہری حملے کریں، جیسا کہ انھوں نے اسلام آباد اور دیگر مقامات پر کیا، تو ہم سیز فائر یا جنگ بندی کے بارے میں زیادہ پُرامید نہیں رہ سکتے۔ ویسے بھی جیسا کہ میں نے ذکر کیا یہ دونوں ریاستوں کے درمیان روایتی جنگ بندی نہیں تھی، بلکہ اسے افغانستان کی جانب سے دہشت گرد حملوں کے تناظر میں سمجھا جانا چاہیے۔‘

 

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاں تک افغانستان کی جانب سے خطرے کا تعلق ہے تو ہماری سکیورٹی فورسز ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ جن سکیورٹی چیلنجز کا ہم سامنا کر رہے ہیں انھیں وہی سنجیدگی دی جائے گی جس کے وہ مستحق ہیں۔‘

 

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا میں فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی کی عالمی سطح پر واپسی کو ظاہر کرتا ہے، تاجکستان میں تین چینی باشندوں کی ہلاکت کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔

 

انھوں نے تاجکستان میں ڈرون حملے میں تین چینی باشندوں کی ہلاکت پر چینی عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی روکے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C