05/January/2026

بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر ایک ماہ کی پابندی عائد

👁️ 142 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر ایک ماہ کی پابندی عائد

بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر ایک ماہ کی پابندی عائد

کوئٹہ (ڈیلی اردو) حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں ایک مرتبہ پھر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت عوامی اجتماعات، دھرنوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

 

محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 31 جنوری تک برقرار رہے گا۔ اس پابندی کے تحت پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے، احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، اور عوامی مقامات پر شناخت چھپانے کے لیے ماسک یا مفلر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

 

محکمہ داخلہ نے پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کو ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

حکام کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔ محکمہ داخلہ کے سینیئر حکام سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے مؤقف دینے سے گریز کیا۔

 

واضح رہے کہ اس وقت بلوچستان میں سرکاری ملازمین ڈِسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کے مطالبے پر احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاجی ملازمین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں صوبے بھر میں شاہراہیں بند کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C