29/April/2026

بنوں: پولیس چوکی پر حملہ ناکام، متعدد دہشت گرد ہلاک

👁️ 195 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بنوں: پولیس چوکی پر حملہ ناکام، متعدد دہشت گرد ہلاک

بنوں: پولیس چوکی پر حملہ ناکام، متعدد دہشت گرد ہلاک

بنوں (ڈیلی اردو رپورٹ) ہاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں علاقے میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا، جبکہ جوابی فائرنگ میں متعدد حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی کے مطابق دہشت گردوں نے رات گئے مزانگہ پولیس چوکی پر بھاری اسلحے کے ساتھ حملہ کیا۔ 

 

چوکی میں موجود اہلکاروں نے فوری اور دلیرانہ ردعمل دیتے ہوئے شدید فائرنگ کی اور حملہ پسپا کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں کئی حملہ آور موقع پر ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔ ایک حملہ آور کی لاش جائے وقوعہ سے برآمد کر لی گئی، تاہم دیگر ہلاک اور زخمی حملہ آوروں کو ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

 

فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار فرید اللہ معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

ڈی پی او بنوں کے مطابق حملہ آوروں نے بھاری اسلحہ استعمال کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات سے خون کے نشانات بھی ملے ہیں، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق علاقے میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C