بھارت: نئی دہلی میں کار بم دھماکا، 10 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی
👁️ 382 بار دیکھا گیا
بھارت: نئی دہلی میں کار بم دھماکا، 10 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی
نئی دہلی (ڈیلی اردو/بی بی سی) انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ کے میٹرو سٹیشن کے باہر ایک زور دار دھماکے میں متعدد لوگوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ دھماکہ شام تقریباً سات بجے ہوا ہے۔
دہلی پولیس کے ترجمان سنجے تیاگی کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور 20 زحمی ہوئے ہیں اور دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق دھماکہ لال قلعہ کے گنجان آباد علاقے میں ہوا۔ انڈین میڈیا کے مطابق دارالحکومت کے ساتھ ساتھ ممبئی میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
دہلی کے پولیس کمشنر ستیش گولچہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’یہ دھماکہ ایک سلو موونگ کار میں ہوا ہے۔ جب دھماکہ ہوا تو اس وقت کار میں مسافر موجود تھے۔ دھماکے سے دوسری کاروں میں بھی آگ لگ گئی۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ ’اس دھماکے میں کچھ لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ حالات کا جائزہ لیا رہا ہے اور دھماکے کی ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں اور کچھ کی موت ہو گئی ہے۔ درست اعداد و شمار جلد ہی جاری کیے جائیں گے۔ وزیر داخلہ کو بھی اس بارے میں مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ مستقبل میں جو بھی صورتحال ہو گی، اس بارے جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔‘
یہ دھماکہ مبینہ طور پر میٹرو سٹیشن کے باہر ایک کار میں ہوا ہے۔ دھماکے سے نزدیک کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی ہے اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
انڈیا کی مرکزی پولیس فورس نے کہا ہے کہ دہلی بھر میں کئی اہم مقامات کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے ایکس پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ساتھ ساتھ دہلی میٹرو، لال قلعہ اور سرکاری عمارتیں اب ہائی الرٹ پر ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور اہلکار تیار ہیں۔‘
دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شمالی انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں بھی ’حساس مذہبی مقامات، حساس اضلاع اور سرحدی علاقوں‘ پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
اتر پردیش میں تاج محل جیسے مشہور مقامات ہیں اور یہ ایک گنجان آباد ریاست ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیتابھ یش نے میڈیا کو بتایا کہ پورے اتر پردیش میں تمام سکیورٹی ایجنسیوں اور ضلعی پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا ’آج شام دہلی میں ہوئے دھماکے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والوں سے تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ متاثرہ افراد کی حکام کی طرف سے مدد کی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔‘
عینی شاہدوں کے مطابق دھماکے سے آس پاس کی عمارتیں لرز گئیں۔
دھماکے کے بعد لال قلعہ کے سامنے موجود چاندنی چوک کے بازار میں افراتفری مچ گئی اور دوکانیں بند کر دی گئیں۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
دلی پولیس کی سپیشل سیل اور نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور جائے وقوعہ پر جانچ کر رہے ہیں۔
کانگرس کے رہنما راہول گاندھی نےاس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پر پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ ’دہلی کے لال قلعہ میٹرو سٹیشن کے قریب کار دھماکے کی خبر انتہائی تکلیف دہ اور تشویشناک ہے۔ اس المناک حادثے میں کئی معصوم جانوں کے ضیاع کی خبر افسوسناک ہے۔‘
’دھماکے کی آواز زوردار تھی‘
کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’لال قلعے میٹرو سٹیشن کے قریب کار میں دھماکے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔‘
انھوں نے مطالبہ کیا کہ ’حکومت کو اس واقعے کی مکمل اور فوری تحقیقات کو یقینی بنانا چاہیے۔‘
عینی شاہد راجدھر پانڈے نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ ’ہم نے آگ کے شعلے دیکھے۔۔ میں نے اسے اپنی چھت سے دیکھا۔ اس کے بعد میں یہ دیکھنے کے لیے نیچے آیا کہ کیا ہو رہا ہے۔ ایک بہت زوردار آواز آئی۔ عمارت کی کھڑکیاں لرز اُٹھیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’میرا گھر گرودوارے کے قریب ہے۔‘
ولی الرحمان نامی ایک مقامی دکاندار نے اے این آئی کو بتایا کہ ’جب دھماکہ ہوا تو میں دکان میں بیٹھا ہوا تھا۔ دھماکہ بہت زوردار تھا، ایسا میں نے پہلے کبھی نہیں سنا۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ ’دھماکے کی آواز سن کر میں تین بار گِر پڑا۔ اس کے بعد آس پاس کے سبھی لوگ بھاگنے لگے۔‘
دلی فائر سروس نے بی بی سی ہندی کو بتایا ہے کہ لال قلعہ میٹرو سٹیشن کے قریب ایک کار میں دھماکہ ہوا ہے۔
دلی فائر سروس نے بی بی سی ہندی کو تصدیق کی کہ اسے شام چھ بج کر 55 منٹ پر کال موصول ہوئی۔
دلی فائر سروس نے کہا کہ اسے ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ لال قلعہ میٹرو سٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ایک کار میں دھماکہ ہوا ہے۔
دھماکے کے بعد لگ بھگ چھ گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دہلی فائر سروس کا کہنا ہے کہ ’دھماکے کی اطلاع کے بعد سات آگ بجھانے والی گاڑیاں لال قلعہ میٹرو سٹیشن پر بھیجی گئی ہیں۔‘
اس خبر سے متعلق تفصیلات ابھی سامنے آ رہی ہیں اور یہ خبر اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ٹانک میں فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 12 اہلکار ہلاک، 30 زخمی، مزید ہلاکتوں کا خدشہ
24/July/2026 👁️ 154 بار دیکھا گیا
کوہاٹ میں دہشت گردوں کی فائرنگ، کسٹم اہلکار ہلاک، ایک شخص زخمی
24/July/2026 👁️ 101 بار دیکھا گیا
بنوں میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک
24/July/2026 👁️ 94 بار دیکھا گیا
بلوچستان: مستونگ میں داعش کا حملہ، سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ ہلاک، ایڈیشنل سیشن جج زخمی
24/July/2026 👁️ 153 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک
23/July/2026 👁️ 490 بار دیکھا گیا
بلوچستان کے تین اضلاع سے سات افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد
23/July/2026 👁️ 491 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8971 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4840 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3714 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3585 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2572 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2326 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C