بھارتی کشمیر میں تصادم کے دوران چار عسکریت پسند ہلاک
👁️ 31 بار دیکھا گیا
بھارتی کشمیر میں تصادم کے دوران چار عسکریت پسند ہلاک
سری نگر (ڈیلی اردو/ڈی ڈبلیو) بھارتی سکیورٹی فورسز نے جموں و کشمیر میں تصادم کے دوران چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ فورسز کے مطابق بعض افراد کی تلاش اب بھی جاری ہے اور اس کے بعد ہی صورت حال واضح ہو سکتی ہے۔
بھارتی سکیورٹی فورسز نے جموں و کشمیر میں 28 دسمبر بدھ کے روز تصادم کے دوران کم از کم چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا۔ بھارتی فوج کے مطابق جموں – سری نگر کی قومی شاہراہ کے پاس سدھرا بائی پاس کے علاقے میں صبح شدید دھند کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔
بھارتی فورسز کے مطابق عسکریت پسند ایک ٹرک میں سوار ہو کر جموں سے وادی کشمیر کی جانب بڑھ رہے تھے، تبھی سیکورٹی فورسز نے ان کا تعاقب شروع کیا اور جب گاڑی روک کر ٹرک کی تلاشی شروع کی گئی تو شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
جموں کشمیر کے پولیس سربراہ کا کہنا تھا: ” کشمیر کی طرف بڑھنے والے ٹرک میں مشکوک حرکت دیکھی گئی۔ اس کا پیچھا کیا گیا اور سدھرا چیک پوائنٹ کے پاس اسے روکا گیا۔ تاہم اس کا ڈرائیور پیشاب کے بہانے وہاں سے فرار ہو گیا۔”
پولیس سربراہ کے مطابق ٹرک کی تلاشی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا اور اسی دوران ٹرک میں آگ لگ گئی اور شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ”شدت پسندوں کی شناخت اور ان کی کس گروپ سے وابستگی تھی، ابھی اس کا انتظار ہے۔”
اطلاعات کے مطابق شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریبا ً45 منٹ تک جاری رہا جس کے دوران بظاہر بعض دستی بم بھی پھینکے گئے اور متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ٹرک سے دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا گیا جو کہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
کشمیر میں عام طور پر جب بھی فورسز سے تصادم ہوتا ہے تو اس میں بیشتر عسکریت پسند اسی طرح آگ سے ہلاک ہوتے ہیں، کیونکہ سکیورٹی فورسز ایسا گولہ بارود استعمال کرتے ہیں جس سے پورا مکان تباہ ہو کر جل جاتا ہے۔
بھارتی فورسز کا کہنا ہے کہ اب یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ آخر شدت پسندوں نے دراندازی کہاں سے اور کب شروع کی تھی۔ پولیس افسر نے کہا کہ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اس کے پکڑے جانے سے صورت حال مزید واضح ہو سکے گی۔
رواں ماہ کے اوائل میں بھارت کے نائب وزیر داخلہ نتیہ نند رائے نے بتایا تھا کہ جموں و کشمیر میں رواں برس 30 نومبر تک عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان تصادم کے متعدد واقعات میں 180عسکریت پسند مارے گئے۔
انہوں نے پارلیمان کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں بتایا، ”جموں و کشمیر میں نومبر 2022 کے اواخر تک دہشت گردی کے 123 واقعات پیش آئے۔ ان میں 180عسکریت پسند اور 31 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ جب کہ 31 عام شہریوں کو بھی اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔”
بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف یکسر عدم رواداری یا ‘زیرو ٹالرینس’ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور جموں و کشمیر میں سکیورٹی کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
خیال رہے کہ ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مودی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔ اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا تھا۔ایسا کرتے ہوئے اس نے یہ دلیل دی تھی کہ اس سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا، ریاست میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔ تاہم کشمیر کے حالات پہلے سے بھی خراب ہو گئے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
یوکرین میں جوہری حملے کی جعلی وارننگز، فضائی الرٹ ایپ ہیک ہونے کا انکشاف
02/November/2026 👁️ 3 بار دیکھا گیا
شام میں حمص آئل ریفائنری پر حملے کا منصوبہ ناکام، داعش سے وابستہ مبینہ ٹارگٹ کلنگ سیل کے 2 ارکان گرفتار
02/November/2026 👁️ 43 بار دیکھا گیا
سعودی عرب کے شہر ابہا اور خمیس مشیط میں ہنگامی انتباہ جاری، شہریوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت
01/November/2026 👁️ 85 بار دیکھا گیا
بنوں : آئی ڈی پیز کیمپ کے سکیورٹی ٹاور پر ڈرون حملہ، 3 پولیس اہلکار زخمی
01/November/2026 👁️ 77 بار دیکھا گیا
اسرائیل کے ممکنہ اہداف میں ترکیہ اور سعودی عرب بھی شامل ہو سکتے ہیں، ایرانی عہدیدار کا دعویٰ
01/November/2026 👁️ 104 بار دیکھا گیا
سعودی فوجی اتحاد کا حوثی باغیوں سے شہریوں اور تنصیبات پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ
01/November/2026 👁️ 83 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26423 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15657 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11961 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9323 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7573 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5556 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C