جعفر ایکسپریس حملے پر حکام معلومات دینے سے گریزاں: ’ایسا کرنے سے خلا پیدا ہوتا ہے اور پروپیگنڈا پھیلتا ہے‘
👁️ 166 بار دیکھا گیا
جعفر ایکسپریس حملے پر حکام معلومات دینے سے گریزاں: ’ایسا کرنے سے خلا پیدا ہوتا ہے اور پروپیگنڈا پھیلتا ہے‘
اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے صوبے بلوچستان میں منگل کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے جنگجوؤں نے روکا اور اس میں سوار تقریباً 400 مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔
اس ٹرین کو درہ بولان کے پاس روکا گیا تھا اور حکام کے مطابق اس ٹرین میں بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار سوار تھے۔ یہ تمام اطلاعات بی بی سی سمیت تمام میڈیا اداروں کے پاس ’ذرائع‘ سے آ رہی ہیں۔
منگل کی شام سے ہی ٹی وی سکرینوں پر ’سکیورٹی ذرائع‘ کا حوالہ دے کر خبریں چلائی جا رہی ہیں کہ ’اتنے مسافروں کو دہشتگردوں سے بازیاب کروا لیا گیا‘ یا ’اب تک اتنے دہشتگرد مارے جا چکے۔‘
’سکیورٹی ذرائع‘ سے منسوب ٹی وی سکرینوں پر چلنے والی معلومات تمام ٹی وی چینلز اور نیوز ویب سائٹس پر ایک جیسی ہی نظر آتی ہے۔
ایسا نہیں کہ جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کے واقعے پر حکومتی شخصیات خاموش ہیں لیکن ان کی جانب سے سامنے آنے والے مذمتی بیانات یا عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے وعدے کسی بھی مستند معلومات سے عاری ہیں۔
دوسری جانب ٹرین کو ہائی جیک کرنے والی تنظیم بی ایل اے کی جانب سے تواتر سے صحافیوں کو دعوؤں سے بھرپور بیانات بھیجے جا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی معلومات شیئر کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ٹرین کی ہائی جیکنگ کے حوالے سے گمراہ کُن یا غلط خبریں بھی گردش کر رہی ہیں اور انڈین میڈیا بھی علیحدگی پسندوں سے متعلق خبروں سے بھرا پڑا ہے۔
اس بات کا اقرار ’سکیورٹی ذرائع‘ بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ ’بزدلانہ حملہ ہونے کے وقت سے لے کر ہندوستانی میڈیا، ہندوستانی سوشل میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملکر مسلسل گمراہ کُن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔‘
اس حوالے سے حتمی معلومات لیکن اس وقت ہی سامنے آئیں جب پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز پر آئے اور بتایا کہ فوجی آپریشن میں 33 عسکریت پسند مارے گئے ہیں جبکہ آپریشن شروع ہونے سے قبل عسکریت پسندوں نے 21 یرغمالیوں کو ہلاک کیا تھا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے میں چار ایف سی کے اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ایسے میں یہ سوال اُٹھتا ہے کہ بلوچستان میں اتنا بڑا واقعہ ہو جانے کے بعد بھی پاکستانی حکومتی شخصیات اور سرکاری حکام اتنی دیر تک لوگوں کو کسی بھی قسم کی مستند معلومات دینے سے گریزاں کیوں نظر آئے؟
اس سے قبل وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ’150 سے زیادہ افراد کو بازیاب کروایا جا چکا ہے جبکہ تقریباً تین درجن دہشتگرد بھی مارے گئے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ دہشتگردوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ حملے کے دوران سکیورٹی اہلکار اور ریلوے کے اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
’وہاں ٹرین میں خودکش بمبار بھی موجود ہیں اس لیے ہم انتہائی محتاط طریقے سے کارروائی کر رہے ہیں۔‘
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے جب حکام کی جانب سے خاموشی کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’حتمی تفصیلات یا معلومات آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی دی جا سکتی ہیں۔ یہ تمام چیزیں فیکٹس اینڈ فیگرز کے ساتھ ہی کی جاتی ہیں اور جیسے ہی آپریشن مکمل ہو گا ہم جلد از جلد تمام صورتحال پر لوگوں کو آگاہ کریں گے۔‘
جعفر ایکسپریس پر حملہ ہونے کے تقریباً 24 گھنٹے بعد بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ سرفراز بُگٹی نے بھی صوبائی اسمبلی میں ایک تقریر کے دوران اپنی خاموش توڑی۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’جو بھی تشدد کرے گا، جو ریاست توڑنے کی بات کرے گا، بندوق اٹھائے گا، ریاست مکمل طور پر قلع قمع کرے گی۔‘
بلوچستان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ابھی بھی ریاست صبر سے کام لے رہی ہے، نہیں لینا چاہیے۔‘
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’وہ ہمارے پانچ سو لوگ ماریں اور ہم جا کر معافی مانگیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہمیں اس لڑائی کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بی ایل اے بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے، کیا اس کی اجازت دے دیں، وہ بچوں کو ماریں کیا اس کی اجازت دے دی؟‘
’معلومات نہ دینے سے خلا پیدا ہوتا ہے‘
سینیئر تجزیہ کار اور ماضی میں پاکستانی حکومت کا حصہ رہنے والے فہد حسین نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ’مجھے تو کوئی تُک نظر نہیں آتی حکومت کی خاموشی کی، ایسے وقت میں تو حکومت کو درست، تصدیق شدہ اور مستند معلومات لوگوں تک پہنچانی چاہیے۔‘
’معلومات نہ دینے سے خلا پیدا ہوتا ہے اور اس کے سبب پھر فیک نیوز اور پروپیگنڈا پھیلتا ہے۔ حکومت کو تو اس وقت معلومات کے بہاؤ پر اپنی سبقت رکھنی چاہیے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ انھیں لگتا ہے کہ حکومت نے ابھی دفاعی حکمت عملی بنائی ہوئی ہے جبکہ انھیں اس موقع پر ’بھاگنا نہیں بلکہ کمانڈ کرنا چاہیے۔‘
’یہ سوچنا کہ معاملہ بہت حساس ہے اور اگر بات نہیں کریں گے تو یہ بڑا نہیں ہو گا، غلط ہے۔‘
سینیئر صحافی و تجزیہ کار ابصار عالم کا بھی یہی خیال ہے کہ ایسے واقعے پر ایسی ’سینسر شپ مناسب نہیں، بھلے وہ کسی بھی مقصد سے کی گئی ہو اس کے منفی اثرات سامنے آئے ہیں۔‘وہ کہتے ہیں کہ اس وجہ سے ’پروپیگنڈا بہت پھیلا ہے، جس میں انڈین میڈیا بھی شامل تھا اور ڈیجیٹل میڈیا پر بھی پروپیگنڈا سامنے آیا اور حکومت مخالف جماعت نے بھی اس کا فائدہ اُٹھایا۔‘
’جو لوگ ٹرین میں پھنسے ہوئے تھے، ان کے اہلخانہ اور باقی عام عوام کو بھی معلومات کے نہ ہونے اور پروپیگنڈے کے سبب نفسیاتی تکلیف سے گزرنا پڑا۔‘
ابصار عالم سمجھتے ہیں کہ معلومات جاری نہ کر کے دہشتگردوں کی ایک کارروائی کو ہم نے دبایا۔
ان کے مطابق حکومت کو خود معلومات جاری کرنی چاہیے تھی اور اس سے بین الاقوامی برادری کو معلوم ہوتا کہ یہ تنظیمیں یہاں کیا کر رہی ہیں اور انھوں نے ان تنظیموں کے لوگوں کو پناہ دی ہوئی ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
اردن میں ایرانی حملوں کے دوران دو امریکی فوجی ہلاک، متعدد زخمی، ایک لاپتہ
19/July/2026 👁️ 241 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں 9 فلسطینی ہلاک
19/July/2026 👁️ 178 بار دیکھا گیا
بنوں میں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز جاری، مزید 3 دہشت گرد ہلاک، سرچ آپریشن میں 28 مشتبہ افراد گرفتار
19/July/2026 👁️ 146 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک
19/July/2026 👁️ 160 بار دیکھا گیا
ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک
19/July/2026 👁️ 153 بار دیکھا گیا
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں سے پاکستان کے براہ راست متاثر ہونے کا خدشہ
18/July/2026 👁️ 296 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8958 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4804 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3567 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3167 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2562 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2316 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C