19/July/2026

جنوبی وزیرستان میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک

👁️ 150 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک

وانا (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے قبل ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو ایک ممکنہ بڑے دہشتگرد حملے سے محفوظ بنا لیا گیا۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے تیار کی گئی گاڑی میں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا، جسے کسی بڑے خودکش یا بم حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے وانا کے علاقے غواخوا میں مشتبہ گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی۔ حکام کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب گاڑی کو شہری آبادی سے دور منتقل کر لیا گیا، تاکہ کسی بھی ممکنہ دھماکے کی صورت میں شہریوں کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی میں ایک موٹر سائیکل بھی تباہ ہوئی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ خارجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔

 

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی انتہائی منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی گئی، جس کا بنیادی مقصد شہری آبادی کو ہر ممکن خطرے سے محفوظ رکھنا تھا۔

 

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تباہ کی گئی گاڑی کو کسی بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، تاہم بروقت انٹیلیجنس اور کارروائی کے باعث یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

 

حکام کے مطابق علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ زخمی ہونے والے مبینہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

 

سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C