خالصتان: کیا بھارت نے اپنے سفارت خانوں کو”خفیہ میمو” بھیجا؟
👁️ 66 بار دیکھا گیا
خالصتان: کیا بھارت نے اپنے سفارت خانوں کو”خفیہ میمو” بھیجا؟
نئی دہلی (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) بھارت نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دہلی نے شمالی امریکہ کے بھارتی سفارت خانوں کو ایک ‘خفیہ میمو’ بھیجا تھا اور اس میں خالصتانی عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کو کہا گیا تھا۔
بھارتی حکومت نے اس میڈیا رپورٹ کو مسترد کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ نے شمالی امریکہ میں بھارتی سفارت خانوں کو ایک ‘خفیہ میمو’ بھیجا تھا، جس میں حکم دیا گیا تھا کہ وہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر سمیت خالصتان کی مہم میں شامل افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی کوشش کریں۔
امریکہ کے ایک غیر منافع بخش میڈیا ادارے ‘دی انٹرسیپٹ’ کا دعویٰ ہے کہ بھارتی حکومت نے مبینہ طور پر اپریل میں اپنے قونصل خانوں کو مغربی ممالک میں خالصتانی مہم کے حامیوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔
دی انٹرسیپٹ کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ اس مبینہ خفیہ میمو میں سکھ رہنما نجر سمیت کئی سکھ علیحدگی پسند سکھ رہنماؤں کے نام شامل ہیں، جن کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اس پر بھارت کے سکریٹری خارجہ ونے کواترا کے دستخط تھے۔
بھارت کا رد عمل
نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے اس مبینہ رپورٹ کو ”جعلی” اور ”مکمل طور پر من گھڑت” قرار دیا اور ”پاکستانی انٹیلیجنس کی طرف سے جعلی بیانیہ کو پھیلانے” کے لیے میڈیا اداروں پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ بھارت کے خلاف مسلسل غلط معلومات پھیلانے کی مہم کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا، ”ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اس طرح کی رپورٹس جعلی اور مکمل طور پر من گھڑت ہیں۔ ایسا کوئی میمو نہیں ہے۔ یہ بھارت کے خلاف مسلسل غلط معلومات پھیلانے کی مہم کا حصہ ہے۔ زیر بحث میڈیا ادارہ پاکستانی انٹیلیجنس کے جعلی بیانات کو پھیلانے کے لیے مشہور ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، ”جن لکھنے والوں نے پوسٹس شیئر کی ہیں، ان سے اس تعلق کی تصدیق ہوتی ہے۔ جو لوگ اس طرح کی جعلی خبروں کو پھیلاتے ہیں وہ اپنی ساکھ کی قیمت پر ہی ایسا کرتے ہیں۔”
واضح رہے کہ اتوار کے روز انٹرسیپٹ کی رپورٹ منظر عام پر آئی تھی اور اس کے فوری بعد ہی بھارت نے اپنا رد عمل ظاہر کیا اور امریکی میڈیا ادارے کی رپورٹ کو پوری طرح سے مسترد کر دیا۔
تاہم ایک بھارتی میڈیا ادارے ‘دی پرنٹ’ نے جب انٹرسیپٹ سے اس بارے میں استفسار کیا تو انٹرسیپٹ کے ایک ترجمان نے دی پرنٹ کو بتایا کہ ”ہم اپنی رپورٹ اور اپنے رپورٹرز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ البتہ اپنے ذرائع کی حفاظت کے لیے ہم دستاویز جاری نہیں کریں گے۔”
واضح رہے کہ خالصتانی تحریک کے ایک معروف سکھ رہنما نجر کو کینیڈا میں قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بارے میں اوٹاوا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس قتل میں ”بھارتی سرکاری ایجنٹ” ملوث تھے۔
نجر کالعدم خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ تھے۔ انہیں کینیڈا کے برٹش کولمبیا صوبے کے سرے میں دو نامعلوم مسلح افراد نے ایک گردوارے کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اس قتل کی وجہ سے ستمبر میں بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا اور دونوں نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کیے۔
بھارت نے کینیڈا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو کی حکومت سے کہا کہ وہ اپنے الزامات کی حمایت کے لیے ثبوت پیش کرے۔
حال ہی میں امریکہ نے بھی بھارت پر اسی طرح کے الزامات عائد کیے ہیں اور کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نیویارک میں مقیم ایک سکھ رہنما گروپریت پنون کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کر رہی تھیں، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
عاصم منیر کی تہران میں اہم ملاقاتیں، ایران کا افزودہ یورینیم بیرون ملک منتقل کرنے سے انکار، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکی اقدامات پر زور
20/October/2026 👁️ 133 بار دیکھا گیا
نیتن یاہو کا ایرانی حکومت کے خاتمے پر اصرار، ٹرمپ سے متعدد بار گفتگو کا دعویٰ
20/October/2026 👁️ 90 بار دیکھا گیا
عراق: کرکوک میں داعش کے حملوں میں اضافہ، سکیورٹی خلا سے فائدہ اٹھانے کا خدشہ، ماہرین نے خبردار کردیا
20/October/2026 👁️ 75 بار دیکھا گیا
سعودی عرب کے دفاع کے لیے برطانیہ کے ٹائفون لڑاکا طیارے تعینات کرنے کا اعلان
20/October/2026 👁️ 53 بار دیکھا گیا
ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
20/October/2026 👁️ 78 بار دیکھا گیا
نوشکی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی، 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی
20/October/2026 👁️ 96 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26388 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15624 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11919 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9274 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7532 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5486 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C