22/July/2025

سوات: مدرسے میں بدترین تشدد، کمسن طالبعلم ہلاک، متعدد گرفتار، ادارہ سیل

👁️ 504 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
سوات: مدرسے میں بدترین تشدد، کمسن طالبعلم ہلاک، متعدد گرفتار، ادارہ سیل

سوات: مدرسے میں بدترین تشدد، کمسن طالبعلم ہلاک، متعدد گرفتار، ادارہ سیل

سوات (ڈیلی اردو)  خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے خوازہ خیلہ چالیار میں واقع ایک مدرسے میں اساتذہ کے بدترین تشدد سے ایک کمسن طالبعلم ہلاک ہوگیا، جس کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ عوامی احتجاج اور پولیس کارروائی کے نتیجے میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مدرسہ سیل کر دیا گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق مدرسے کے تین اساتذہ نے مقتول طالبعلم کو پانچ گھنٹے تک باری باری ایک کمرے میں بند کر کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ ہلاک ہوگیا۔ ساتھی طالبعلم نے احتجاج کے دوران واقعے کی ہولناک تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ایک کے بعد دوسرا استاد آ کر مسلسل اذیت دیتا رہا، یہاں تک کہ بچے کی جان چلی گئی۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا۔ لواحقین اور اہل علاقہ نے مین خوازہ خیلہ بازار کی سڑک بند کرکے شدید احتجاج کیا اور ملوث اساتذہ کو فوری طور پر گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

 

اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں دیگر بچوں پر بھی تشدد کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ویڈیو میں نظر آنے والے خوفزدہ بچوں نے اس بات کو واضح کر دیا کہ یہ معاملہ محض ایک طالبعلم تک محدود نہیں بلکہ مدرسے میں بچوں پر مسلسل تشدد کا ایک طویل سلسلہ جاری تھا۔

 

ڈی پی او سوات کے مطابق ایک استاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید دو کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران دیگر بچوں پر تشدد کے شواہد بھی ملے جس کے بعد مزید 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مقدمہ قتل (دفعہ 302) اور چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق مدرسے سے بچوں پر تشدد میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اس مدرسے میں کئی مہینوں سے بچوں پر جسمانی تشدد کیا جا رہا تھا۔ متاثرہ تمام بچوں کو والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مدرسے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

 

اہل علاقہ اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے مدارس میں بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی اور قانون سازی کی جائے تاکہ ایسے سانحات دوبارہ نہ ہوں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C