29/March/2026

اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سے منسلک خاتون سمیت تین لبنانی صحافی ہلاک

👁️ 183 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سے منسلک خاتون سمیت تین لبنانی صحافی ہلاک

اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سے منسلک خاتون سمیت تین لبنانی صحافی ہلاک

بیروت/تل ابیب (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں ) لبنان میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں تین لبنانی صحافی ہلاک ہو گئے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جو دہشت گرد تنظیم حزب اللہ سے منسلک بتائی جا رہی ہے۔

 

المنار کے رپورٹر علی شعیب اور المیادین چینل کی رپورٹر فاطمہ فتونہ اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ بعدازاں لبنان کے وزیرِ اطلاعات نے تصدیق کی کہ فاطمہ فتونہ کے بھائی اور کیمرہ مین محمد فتونہ بھی اسی حملے میں مارے گئے۔

 

المنار چینل ایران نواز دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے زیرِ اثر ہے، جبکہ المیادین کو خطے میں ایران کے اتحادیوں کے قریب سمجھا جاتا ہے۔

 

اسرائیلی فوج نے علی شعیب کو حزب اللہ کی رضوان فورس کے انٹیلیجنس یونٹ کا رکن قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ وہ جنوبیلبنان میں اسرائیلی فوجیوں کی پوزیشنوں کے بارے میں رپورٹ کر رہا تھا۔

 

فوج نے شعیب پر ’’اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کے خلاف اشتعال انگیزی‘‘ کا بھی الزام عائد کیا۔

تاہم اسرائیلی بیان میں دیگر ہلاکتوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی  شعیب کے حزب اللہ کا رکن ہونے کے دعوے کے لیے کوئی ثبوت پیش کیا گیا۔

 

دریں اثناء جنوبی لبنان میں تین لبنانی صحافیوں کی اسرائیلی حملے میں ہلاکت کے بعد ملک میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام اور میڈیا اداروں نے اس واقعے کو صحافتی آزادی پر سنگین حملہ قرار دیا ہے۔

 

لبنان کے صدر جوزف عون نے پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کو ’’اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے شہری‘‘ قرار دیا۔

 

انہوں نے کہا، ’’یہ ایک کھلی جارحیت ہے جو ان تمام ضابطوں اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرتی ہے جن کے تحت جنگ کے دوران صحافیوں کو بین الاقوامی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔‘‘

 

المیادین چینل نے اپنی رپورٹر فاطمہ فتونہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’بہادر اور غیر جانب دار رپورٹنگ‘‘ کے لیے مشہور تھیں۔

 

بیروت کے لیے المیادین کے ڈائریکٹر نے کہا، ’’مسئلہ یہ ہے کہ دشمن کہانی کو ختم کرنا چاہتا ہے… لیکن لفظ کو کبھی مارا نہیں جا سکتا۔‘‘ 

 

یاد رہے کہ لبنانی فری لانس صحافی حسین حمود، جو المنار کے لیے کام کر رہے تھے ، بدھ کے روز ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے، جس کی تصدیق کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے کی ہے۔

 

سی پی جے کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخر میں ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سے خطے میں کم از کم تین مزید صحافی فضائی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکی فوج نے ان واقعات پر تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C