30/September/2026

امریکا ایران مذاکرات بے نتیجہ، ٹرمپ کی دوبارہ فوجی کارروائی کی دھمکی

👁️ 100 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
امریکا ایران مذاکرات بے نتیجہ، ٹرمپ کی دوبارہ فوجی کارروائی کی دھمکی

امریکا ایران مذاکرات بے نتیجہ، ٹرمپ کی دوبارہ فوجی کارروائی کی دھمکی

واشنگٹن(ڈیلی اردو) امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں اب تک کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی، جبکہ دونوں ممالک اپنے بنیادی مطالبات سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ دکھائی نہیں دے رہے۔ امریکی حکام کے مطابق مذاکرات میں تعطل برقرار رہنے کی صورت میں ایران کے خلاف دوبارہ وسیع فوجی کارروائی کا امکان موجود ہے۔

امریکی میڈیا ادارے ’ایکسس‘ کی رپورٹ کے مطابق قطر کی ثالثی میں ہونے والی کوششوں کے دوران قطری ثالث علی الثوادی نے نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے کئی گھنٹے بات چیت کی، تاہم کسی حتمی پیش رفت کی اطلاع نہیں ملی۔ ثالثی کا عمل جاری رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان اہم معاملات پر اختلاف برقرار ہے۔

مذاکرات میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق پابندیوں اور امریکی بحری ناکہ بندی میں نرمی جبکہ واشنگٹن کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام پر ٹھوس یقین دہانیوں کا معاملہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جوہری مذاکرات بحال کرنے کے لیے امریکی پابندیوں میں نرمی اور جنگ بندی سمیت بعض شرائط پیش کی تھیں، جنہیں صدر ٹرمپ مسترد کرچکے ہیں۔

دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ ایران کے جوہری پروگرام میں قابلِ ذکر کمی کے بدلے پابندیوں میں ممکنہ نرمی اور منجمد ایرانی اثاثوں تک رسائی کی تجویز زیرِ بحث رہی، تاہم صدر ٹرمپ نے بعد میں ایسی پیشکش کیے جانے کی تردید کردی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران مذاکرات سے گریز نہیں کررہا، تاہم وہ اپنے قومی مفادات اور جوہری پروگرام سے متعلق مؤقف پر قائم ہے۔ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے رکن محسن رضائی نے بھی امریکی مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن فیصلہ سازی کے حوالے سے مشکل صورتحال میں ہے۔

موجودہ صورتحال میں قطر سمیت دیگر علاقائی ثالث امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطے برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم فریقین کے درمیان اختلافات ختم نہ ہونے کے باعث مذاکرات کا مستقبل تاحال غیر واضح ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C